گروگرام میں ایک مزار کو آگ لگائی گئی

نئی دہلی، اگست 8: پیر کی صبح گروگرام کے کھنڈسا گاؤں میں ایک مزار کو آگ لگا دی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) ورون دہیا نے بتایا کہ آگ کچھ نامعلوم شرپسندوں نے لگائی ہے۔

دہیا نے کہا ’’مزار پر ہندو دیوتاؤں کی تصاویر تھیں۔ آگ مرکزی ڈھانچے کے باہر لگائی گئی تھی، جو بعد میں مرکزی ڈھانچے تک پہنچ گئی۔‘‘

پولیس کمشنر کالا رام چندرن نے کہا کہ اس معاملے میں تین لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس مزار کے نگراں کا نام گھسیٹے رام ہے۔

پیر کو پولیس نے کہا کہ مزار کے نگراں گھسیٹے رام کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر نامعلوم افراد کے خلاف پہلی اطلاعی رپورٹ درج کی گئی ہے۔

پولیس کو اپنی شکایت میں رام نے کہا کہ اس واقعے نے لوگوں کے ایمان کو ٹھیس پہنچائی ہے اور ’’معاشرے میں فساد‘‘ پھیلایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

دریں اثنا ایک الگ واقعے میں اتوار کو گروگرام کے سیکٹر 9A میں ایک مسلمان شخص کے گھر پر پتھراؤ کیا گیا۔

پولیس کو دی گئی شکایت میں استخار احمد نے کہا کہ یہ واقعہ تقریباً 11.30 بجے پیش آیا۔