امت شاہ کا فیک ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملےمیں تلنگانہ کے سی ایم کو دہلی پولیس کا نوٹس

نئی دہلی،29 اپریل :۔

وزیر داخلہ امت شاہ کا فرضی ویڈیو پوسٹ کرنے پر تلنگانہ کے سی ایم ریونت ریڈی کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دہلی پولیس نے انہیں نوٹس بھیج کر یکم مئی کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ دہلی پولیس نے ریڈی کو اپنے ساتھ فون لانے کو کہا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ریونت ریڈی تلنگانہ کانگریس کے صدر بھی ہیں اور تلنگانہ کانگریس پر شاہ کی ایڈیٹ شدہ اور جعلی ویڈیو پوسٹ کرنے کا الزام ہے۔

آسام پولیس نے امت شاہ سے متعلق فرضی ویڈیو کے معاملے میں رتم سنگھ نامی شخص کو بھی گرفتار کیا ہے۔ آسام کے سی ایم نے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔ دراصل ریزرویشن کو لے کر وزیر داخلہ امت شاہ کا ایک فرضی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا تھا۔ اتوار کو اس معاملے میں بڑی کارروائی کی گئی اور ایف آئی آر درج کی گئی۔ یہ ایف آئی آر ان لوگوں کے خلاف درج کی گئی ہے جنہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ کا فرضی ویڈیو پھیلایا تھا۔ اس فرضی ویڈیو کو لے کر غلط فہمی پھیلائی جارہی تھی کہ امت شاہ نے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی ریزرویشن ختم کرنے کی بات کی تھی۔ جبکہ حقیقت میں انہوں نےنے ایسا نہیں کہا بلکہ  اعلان کیا کہ ان کا ریزرویشن ختم نہیں کیا جائے گا۔