سیکس اسکینڈل معاملہ:  جس امیدوار کے لئے وزیر اعظم ووٹ مانگ رہے ہیں اسے پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ

ایچ ڈی دیو گوڑا کے پوتے ہاسن سےجے ڈی ایس امیدوار ریونّا کو لے کر پارٹی میں شدید اختلاف ، سیکس ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد جے ڈی ایس رہنماؤں نے نکالنے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی ،29 اپریل :۔

وزیر اعظم نریندر مودی ان دنوں کرناٹک میں زبر دست انتخابی تشہیر کر رہے ہیں ۔وہ این ڈی اے اتحادی امیدواروں کیے حق میں عوامی جلسوں میں ووٹ مانگ رہے ہیں ۔جے ڈی ایس امیدوار اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے اور ہاسن سے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا  کے لئے بھی انہوں نے عوامی جلسے میں انتخابی مہم کے دوران ووٹ مانگا اور کہا کہ ریونا کو دیا گیا ایک ایک ووٹ مودی کو مضبوط کرے گا۔ اب  ریونا کا جنسی اسکینڈل معاملہ  کرناٹک میں ہلچل مچا رکھا ہے۔ ملازمہ کی شکایت پر پولیس نے پرجول ریونّا اور ان کے والد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ کانگریس نے اس واقعے کے خلاف زبردست احتجاج شروع کر دیا ہے۔

دریں اثناء جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) میں بھی ریونّا کے بارے میں سخت اختلاف شروع ہوچکا ہے۔ جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی نے پارٹی ہائی کمان سے ریونّا کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی وجہ سے وہ کافی شرمندگی محسوس کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک دو نہیں بلکہ پرجول ریونّا کی اب تک ہزاروں ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں۔ ان کے گھر پر کام کرنے والی ایک ملازمہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ جب وہ اکیلی ہوتی تھی تو پرجول ریونّا اسے اپنے پاس بلاتے تھے اور کپڑے اتار کر اس کے ساتھ گندی حرکتیں کیا کرتے تھے۔ متاثرہ خاتون نے ریونّا پر اپنی بیٹی سے فحش باتیں کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے اس معاملے میں ریونّا کے خلاف ایس آئی ٹی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

جے ڈی ایس رکن اسمبلی شارنگودا کانڈکور نے منظرعام پر آئیں ان فحش ویڈیوز کے تنازعہ کے درمیان پارٹی رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے قریبی مانے جانے والے کانڈکور نے پارٹی کے قومی صدر دیوگوڑا کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست بھر میں سیکس اسکینڈل والی ویڈیوز شیئر ہو رہی ہیں، جس سے پارٹی کو بڑی شرمندگی ہو رہی ہے۔ ویڈیوز کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں پرجول ریونّا ملوث ہیں۔ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ وہ ملزم ہیں۔ اس لیے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ انہیں فوری طور پر پارٹی سے خارج کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ ریونّا کے گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی ایک خاتون نے الزام لگایا ہے کہ ریونّا نے 2019 سے 2022 کے درمیان کئی بار اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ ریونّا پر الزام لگاتے ہوئے اس خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا جنسی استحصال ریونّا کے گھر میں کام کرنے کے صرف چار ماہ بعد شروع ہوا۔ جب وہ اکیلی ہوتی تھی تو وہ اسے بلاتے تھے اور اس کی ساڑھی کا پن ہٹا کر اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے تھے۔