میتی گروپ نے فوج اور ایڈیٹرز گلڈ پر منی پور تشدد پر ’’انتہائی جانب دارانہ‘‘ رپورٹ شائع کرنے کا الزام لگایا

نئی دہلی، ستمبر 13: ایک بااثر میتی سول سوسائٹی گروپ نے منگل کو الزام لگایا کہ فوج نے ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کو منی پور میں نسلی تشدد پر ایک جانبدارانہ رپورٹ شائع کرنے کے لیے تیار کیا۔

اس نے الزام لگایا کہ صحافیوں کی تنظیم کی طرف سے 2 ستمبر کو جاری کی گئی رپورٹ ’’انتہائی جانبدارانہ اور بے بنیاد‘‘ تھی۔

ایڈیٹرز گلڈ کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ منی پور میں صحافیوں نے مئی کے اوائل میں شروع ہونے والی کوکیوں اور میتیوں کے درمیان جھڑپوں پر ’’یک طرفہ رپورٹس‘‘ لکھیں۔

گلڈ نے میڈیا میں غلط معلومات پھیلانے کے کئی واقعات کو نشان زدہ کیا اور تجویز کیا کہ ریاستی قیادت تنازعہ کے دوران متعصب رہی ہے۔ اس نے مزید کہا ’’میتی میڈیا، سیکورٹی فورسز، خاص طور پر آسام رائفلز کی توہین کا ایک فریق بن گیا۔‘‘

منگل کو ایک بیان میں منی پور انٹیگریٹی رابطہ کمیٹی، جو کہ میتیوں کے مفادات کی نمائندگی کرنے والی چھ گروپوں کی ایک چھتری تنظیم ہے، نے الزام لگایا کہ رپورٹ ’’واضح طور پر اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ ہندوستانی فوج دنیا میں پریس میڈیا کے سب سے ہلکے ایڈیٹرز باڈی کو متاثر کرتی ہے۔‘‘

اس کے میڈیا کوآرڈینیٹر سوموریندرو تھوکچوم نے دعویٰ کیا کہ ایڈیٹرز گلڈ کا سفر کوکی زو برادری کی ایک تنظیم انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم نے اسپانسر کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے ’’ہندوستانی فوج، ایڈیٹرز گلڈ اور آئی ٹی ایل ایف جیسے چن-کوکی نارکو-دہشت گرد گروپوں کے درمیان اس طرح کی ملی بھگت اب شک سے بالاتر ہے۔‘‘

تنظیم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ منی پور میں تشدد ’’چن-کوکی نارکو-دہشت گرد گروپ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ملی بھگت سے انجام دے رہے ہیں‘‘ اور اسے مقامی قبائلی لیڈرز فورم جیسی ایجنسیوں کے نارکو ٹیرر فنڈز سے اسپانسر کیا جاتا ہے۔

تنظیم نے متنبہ کیا کہ اگر مرکزی حکومت مبینہ جرم میں ملوث فوج اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہے، تو وہ ’’منی پور کے لوگوں کے ذریعہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی تک لڑنے کے لیے اپنی تمام طاقت کا استعمال کرے گی۔‘‘

ایڈیٹرز گلڈ کی اس رپورٹ کے مصنفین سیما گوہا، بھارت بھوشن اور سنجے کپور اور ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کی صدر سیما مصطفیٰ کے خلاف پہلے ہی دو فرسٹ انفارمیشن رپورٹس دائر کی جا چکی ہیں۔ شکایت کنندگان نے الزام لگایا ہے کہ رپورٹ جھوٹی، من گھڑت اور منشیات کے دہشت گردوں کی سرپرستی میں تیار کی گئی ہے۔

ہندوستانی فوج اور ایڈیٹرز گلڈ نے ابھی تک اس میتی تنظیم کے الزامات کا جواب نہیں دیا ہے۔