منی پور: ریاستی بی جے پی یوتھ ونگ کے سابق سربراہ کو امپھال میں فائرنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا

نئی دہلی، اکتوبر 23: منی پور پولیس نے اتوار کے روز ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ کے سابق سربراہ منوہرمیوم شرما کو اس ماہ کے شروع میں امپھال مغربی ضلع میں شوٹنگ کے ایک واقعہ کے سلسلے میں گرفتار کیا۔

امپھال فری پریس کے مطابق 14 اکتوبر کو مسلح شرپسندوں کے ایک گروپ نے کھائیدم بوبو نامی شخص کو اس کے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم مقامی لوگ بوبو کے گھر کے ارد گرد جمع ہو گئے اور گروپ کو اسے اغوا کرنے سے روک دیا۔ اس کے بعد گروپ میں شامل ایک آدمی نے گولیاں چلائیں، جس سے ایک خاتون سمیت کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

اس کے بعد کارکنوں کے ایک گروپ نے شوٹنگ کا جائزہ لینے کے لیے ایک ’’مشترکہ ایکشن کمیٹی‘‘ تشکیل دی۔ دی ہل جرنل کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے، جسے چونگتھم ایبوایاما نامی ایک شخص نے بلایا تھا، نے کہا کہ یہ واقعہ شرما اور بوبو کے درمیان فیس بک پر جھگڑے سے متعلق ہو سکتا ہے۔

گذشتہ ہفتے کمیٹی کے ارکان نے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ مجرموں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔

اتوار کو شرما کو قتل کی کوشش، مجرمانہ دھمکی اور کرفیو کی خلاف ورزی کے الزامات کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شرما کے علاوہ پولیس نے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے منی پور کے نائب صدر نونگتھمبم ٹونی میتی اور دیگر چار کو بھی گرفتار کیا ہے۔

منی پور 3 مئی سے کوکی اور میتی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعات میں گھرا ہوا ہے۔

دریں اثنا کوکی برادری کے اراکین نے 21 اکتوبر کو میانمار کی سرحد سے متصل ٹینگنوپل ضلع کے مورہ قصبے میں ’’اضافی‘‘ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے خلاف احتجاج شروع کیا۔

کوکی برادری نے دعویٰ کیا کہ قصبے میں پہلے ہی کافی سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔

قبائلی اتحاد کی کمیٹی نامی ایک قبائلی گروپ نے کہا ’’پیرا ملٹری فورسز اور ہندوستانی فوج کی بفر زونز کی نگرانی کرنے اور مورہ کے اندر امن قائم کرنے کے باوجود رات کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اضافی میتی پولیس کی تعیناتی شدید تشویش کا باعث ہے۔‘‘