’’سناتن دھرم کے خلاف بولنے والوں کی زبان کھینچ لیں گے اور ان کی آنکھیں نوچ لیں گے‘‘، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیکھاوت کا بیان

نئی دہلی، ستمبر 13: مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیکھاوت نے راجستھان کے باڑمیر میں ایک ریلی میں کہا کہ جو بھی سناتن دھرم کے خلاف بولے گا اس کی زبان کھینچ لی جائے گی اور اس کی آنکھیں نوچ لی جائیں گی۔

شیکھاوت نے یہ بیان تمل ناڈو کے وزیر ادھیاندھی اسٹالن کے اس بیان کے جواب میں دیا، جس میں ادھیا ندھی نے کہا تھا کہ سناتن دھرم، جسے کچھ لوگ ہندو مت کے مترادف کے طور پر استعمال کرتے ہیں، کی صرف مخالفت نہیں کی جانی چاہیے بلکہ اس کو ختم کر دیا جانا چاہیے۔

مرکزی وزیر کی تقریر کا ایک ویڈیو منگل کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔

شیکھاوت نے کہا ’’ہمیں چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جو بھی سناتن دھرم کے خلاف بولے گا ہم اس کی زبان کھینچ لیں گے۔ سناتن دھرم کے خلاف اٹھنے والی آنکھیں بھی ہم نوچ لیں گے۔‘‘

جودھ پور کے ایم پی نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ایسا شخص جو سناتن دھرم کے خلاف بولتا ہے، وہ ملک میں اقتدار پر قائم نہیں رہ سکے گا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ ’’علاء الدین خلجی اور اورنگ زیب جیسے حکمرانوں نے کوشش کی، لیکن تمھارے اور میرے آباؤ اجداد قابل تھے اور ثقافت کی حفاظت کرتے تھے۔ ہم اپنے ان تمام آباؤ اجداد کی قسم کھاتے ہیں، چاہے وہ مہاراجہ سورج مل ہوں، ویر درگاداس ہوں یا مہارانا پرتاپ، کہ ہم سناتن دھرم پر حملہ کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم انھیں نکال پھینکیں گے۔‘‘

منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ جے پی نڈا نے کہا کہ کانگریس اور اپوزیشن کے ’’انڈیا‘‘ نامی اتحاد کو واضح کرنا چاہیے کہ کیا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آئین ’’کسی بھی مذہب کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کا حق دیتا ہے۔‘‘