ایمنسٹی انڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کے ذریعے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے سبب اس کو اپنا کام روکنا پڑ رہا ہے

نئی دہلی، ستمبر 29: حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انڈیا کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ دو سالوں سے جاری حکومتی کریک ڈاؤن اور حکومت کے ذریعے اس کے بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کی وجہ سے اپنی کاروائیاں بند کردی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کی ’’مسلسل متعصبانہ‘‘ کارروائیوں کے سبب وہ ہندوستان میں کام روک رہا ہے۔

حقوق گروپ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے ان کے ہندوستانی دفتر کا بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا ہے اور انھیں اس پر مجبور کیا ہے کہ وہ ہندوستان میں عملے کو چھوڑ دیں اور مہم اور تحقیقی کام کو روک دیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے ایک بیان میں کہا کہ ’’پچھلے دو سالوں سے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پر مسلسل کریک ڈاؤن اور اس کے بینک اکاؤنٹس کو مکمل طور پر منجمد کرنا حادثاتی نہیں ہے۔‘‘

حکومت نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔