پنجاب اسمبلی انتخابات: عام آدمی پارٹی نے ووٹروں سے اپنے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو نامزد کرنے کے لیے کہا، ایک فون نمبر جاری کیا

نئی دہلی، جنوری 13: عام آدمی پارٹی نے آج پنجاب کے ووٹروں سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ ریاستی انتخابات کے لیے وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کی سفارش کریں۔

چندی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ بھگونت مان اور ریاستی انچارج راگھو چڈھا کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایک فون نمبر (7074870748) کا اعلان کیا جس پر ووٹر وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اپنی پسند کے کسی شخص کا نام بتانے کے لیے کال کرسکتے ہیں یا پیغام بھیج سکتے ہیں۔

کیجریوال نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ پارٹیاں سیاست دانوں کے رشتہ داروں کو وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر نامزد کرتی ہیں۔ بھگونت مان مجھے بہت عزیز ہیں۔ وہ میرے چھوٹے بھائی ہیں… میں نے مشورہ دیا تھا کہ ہمیں انھیں [وزیراعلیٰ کا امیدوار] بنانا چاہیے، لیکن انھوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں سے مشورہ کرنا چاہیے۔‘‘

کیجریوال نے کہا کہ ’’جنتا چنے گی اپنا سی ایم‘‘ مہم 17 جنوری کی شام تک چلے گی۔

دریں اثنا مان نے صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے تجویز دی ہے کہ پارٹی کو یہ مہم چلانی چاہیے۔

مان نے کہا ’’جب لوگ اپنے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو نامزد کرتے ہیں، تو اس سے انھیں اعتماد ملتا ہے۔‘‘

پنجاب اسمبلی کی 117 نشستوں پر ایک ہی مرحلے میں 14 فروری کو پولنگ ہو گی۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔ ریاست میں کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں، اکالی دل اور عام آدمی پارٹی کے درمیان کثیر الجہت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔