وزیراعلیٰ پنجاب نے زرعی قوانین کے تنازعے کو جلد حل کرنے پر زور دیا، آپریشن بلیو اسٹار اور پاکستان کی طرف سے خطرہ کا حوالہ بھی دیا

پنجاب، فروری 3: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق وزیر اعلی پنجاب امریندر سنگھ نے منگل کے روز نئی زرعی اصلاحات پر تعطل کے فوری حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے 1984 کے آپریشن بلیو اسٹار کا بھی حوالہ دیا اور متنبہ کیا کہ اس وقت بھی طویل مذاکرات نے رنج و غم اور غصے کو جنم دیا تھا، جو خطرناک ثابت ہوا تھا۔

سنگھ نے آل پارٹی اجلاس میں کہا ’’چیزوں کے ہاتھ سے نکل جانے سے پہلے ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔‘‘

کانگریس لیڈر نے یاد دلایا کہ تقریباً 42 مطالبات کی فہرست سے متعلق دو مہینوں کے مذاکرات کے بعد آپریشن بلیو اسٹار کیسے ناکام ہوا۔ سنگھ نے کسانوں کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر یہاں غصہ پیدا ہوتا ہے تو اس کا فائدہ اٹھایا جائے گا۔‘‘

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے خطرات پر ان کی توجہ ان کو ’’پنجاب کو درپیش شدید چیلنج سے آگاہی‘‘ کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا اگر یہاں امن نہ ہوا تو کوئی صنعت یہاں نہیں آئے گی۔

وہیں بی جے پی کی قدیم حلیف اکالی دل نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی اور حزب اختلاف کے مطالبوں پر اتفاق کیا۔