اترپردیش: حکومت نے فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام بدل کر ایودھیا چھاؤنی رکھنے کا اعلان کیا

نئی دہلی، اکتوبر 23: اترپردیش حکومت نے آج فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام بدل کر ایودھیا چھاؤنی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’حکومت ہند نے فیض آباد ریلوے اسٹیشن کا نام ایودھیا کینٹ رکھنے کے فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔‘‘

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق فیض آباد ریلوے جنکشن، جو ایودھیا جنکشن ریلوے اسٹیشن کے قریب ہے، کو اتر پردیش حکومت نے سیاحت میں اضافے کے لیے تیار کیا تھا۔ ریلوے کے لکھنؤ ڈویژن نے کہا کہ رام مندر عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد ایودھیا ضلع میں سیاحوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

نومبر 2018 میں آدتیہ ناتھ نے فیض آباد ضلع کا نام ایودھیا رکھ دیا تھا۔ اسی سال جون میں آدتیہ ناتھ کی حکومت نے مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے اسٹیشن رکھ دیا تھا۔