لکھیم پور کھیری: پرینکا گاندھی اور کانگریس کے 2 دیگر لیڈروں کے خلاف امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج

نئی دہلی، اکتوبر 5: اے این آئی نے سیتاپور کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر کا حوالے سے خبر دی ہے کہ آج اترپردیش میں کانگریس لیڈروں پرینکا گاندھی واڈرا، دیپندر سنگھ ہڈا اور پارٹی کے ریاستی یونٹ کے سربراہ اجے کمار للو سمیت 11 افراد کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی گئی ہے۔

اس سے پہلے پرینکا گاندھی نے کہا تھا کہ انھیں اترپردیش میں بغیر کسی حکم یا ان کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ کے 28 گھنٹے سے زیادہ حراست میں رکھا گیا تھا۔

پرینکا گاندھی کو پیر کے روز لکھیم پور کھیری جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ان چار کسانوں کے اہل خانہ سے ملنے جا رہی تھیں، تھے جو اتوار کو مرکز کے متنازعہ فارم قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔ ضلع میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بھارتیہ کسان یونین نے الزام لگایا ہے کہ کسانوں کو پر مرکزی وزیر اجے مشرا کے قافلے کی ایک گاڑی نے روند دیا۔ کسانوں کی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ گاڑی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی ہے۔

پرینکا گاندھی کو مبینہ طور پر ہرگاؤں قصبے میں حراست میں لیے جانے کے بعد سیتاپور ضلع کے ایک گیسٹ ہاؤس لے جایا گیا تھا۔

ان کی حراست سے پہلے انھیں لکھنؤ چھوڑنے سے روک دیا گیا اور گھر میں نظربند کردیا گیا۔ تاہم کانگریس لیڈر نے لکھنؤ سے پیدل چلنا شروع کیا اور بعد میں اپنی گاڑی میں بیٹھ گئیں۔ ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے بغیر وارنٹ کے انھیں حراست میں لینے کی کوشش کی۔

پیر کو این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے الزام لگایا کہ حراست کے دوران انھیں دھکا دیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا۔

دریں اثنا کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے منگل کو کہا کہ پرینکا گاندھی کی نظربندی ’’غیر قانونی اور انتہائی شرمناک‘‘ ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا ’’انھیں اسے صبح 4.30 بجے ایک مرد پولیس افسر نے گرفتار کیا تھا۔۔۔ انھیں ابھی تک جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس نہیں لے جایا گیا۔ یوپی میں لاء اینڈ آرڈر کا مطلب آدتیہ ناتھ کا قانون اور مسٹر آدتیہ ناتھ کا حکم ہے۔‘‘

کانگریس کے حامیوں نے سیتا پور میں گیسٹ ہاؤس کے باہر اور ملک کے دیگر حصوں میں پرینکا گاندھی کی حراست کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

دریں اثنا چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے لکھنؤ ہوائی اڈے پر فرش پر بیٹھے ہوئے ایک تصویر شائع کی۔ ایک ٹویٹ میں بگھیل نے کہا کہ انھیں بغیر کسی حکم کے ایئرپورٹ سے باہر جانے سے روکا جا رہا ہے۔

بگھیل نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جہاں وہ پولیس حکام کو بتا رہے ہیں کہ وہ لکھیم پور کھیری نہیں جا رہے تھے۔

انھوں نے کہا ’’لکھیم پور میں دفعہ 144 نافذ ہے، لیکن میں وہاں نہیں جا رہا ہوں۔ پھر کیا مسئلہ ہے؟ مجھے کیوں روکا جا رہا ہے؟‘‘

تو ایک عہدیدار نے بگھیل سے کہا کہ لکھنؤ میں بھی بڑے اجتماعات پر پابندی ہے۔