آر ایس ایس کے خلاف ٹویٹ کرنے پر بھوجپوری گلوکارہ نیہا راٹھور کے خلاف مدھیہ پردیش میں ایف آئی آر درج

نئی دہلی، جولائی 8: بھوجپوری گلوکار نیہا سنگھ راٹھور کے خلاف جمعہ کو ایک ٹویٹ کے لیے پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر نیہا نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے کارکن کو سیدھی پیشاب کیس کے سلسلے میں بری روشنی میں دکھایا ہے۔

لوک گلوکار نے ایک ٹویٹ پوسٹ کیا تھا جس میں آر ایس ایس کا لباس پہنے ہوئے ایک شخص کو اپنے سامنے بیٹھے دوسرے شخص پر پیشاب کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اس ٹویٹ میں مدھیہ پردیش میں ہونے والے حالیہ واقعے سے مماثلت ہے جس میں مبینہ طور پر ایک شخص پرویش شکلا کو ایک دلت آدمی پر پیشاب کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کی ویڈی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی تھی۔ شکلا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

راٹھور کے خلاف کیس پر حبیب گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج منیش سنگھ بھدوریا نے کہا ’’ہم نے تعزیرات ہند کی دفعہ 153 کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ہم ٹویٹر کمپنی سے اکاؤنٹ ہولڈر کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ یہ ٹویٹ اکاؤنٹ ہولڈر نے خود کیا یا کسی اور شخص نے، یہ تحقیقات کے بعد واضح کیا جائے گا۔‘‘

گلوکار پر آر ایس ایس اور قبائلی برادری کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کا الزام ہے۔