چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران وزیر اعظم لداخ پہنچے

نئی دہلی، 3 جولائی: مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحد پر جاری کشیدگی کے دوران ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے زمینی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے آج صبح لیہ اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مودی صبح سویرے لداخ پہنچے اور آرمی، فضائیہ اور ہند تبت بارڈر پولیس کے ذریعہ نیمو میں ایک بریفنگ دی۔

وزیر اعظم، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے کے ہمراہ لیہ کے فوجی اسپتال میں زخمی فوجیوں سے بھی بات چیت کریں گے۔

مودی کا یہ دورہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے لداخ کا اپنا دورہ منسوخ کرنے کے ایک دن بعد ہوا ہے۔

17 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ 15 جون کی شب وادی گلوان میں پیپلرز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے خلاف لڑنے والے 20 فوجیوں کی قربانی ’’رائیگاں نہیں جائے گی۔‘‘

مودی نے کہا ’’ہندوستان کی سالمیت اور خودمختاری ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور کوئی بھی ہمیں اس کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔ کسی کو بھی اس کے بارے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘