اترپردیش کے کانپور میں جرائم پیشہ افراد سے مقابلے میں پولیس کے آٹھ اہلکار ہلاک، چار زخمی

لکھنؤ، جولائی 3: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق اتر پردیش کے کانپور میں جمعہ کے روز پولیس کے 8 اہلکاروں کو ایک جھڑپ کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ وہیں چار دیگر پولیس والے شدید زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے اموات پر تعزیت کی اور ریاستی پولیس سے کہا کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

یہ انکاؤنٹر اس وقت ہوا جب پولیس ٹیم 2 جولائی اور 3 جولائی کی درمیانی رات ڈِکرو گاؤں میں ایک ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

اترپردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایچ سی اوستھی نے کہا کہ دوبے اور اس کے لوگوں نے اس گاؤں کو جانے والے راستے میں رکاوٹیں لگا کر گھات لگا کر حملہ کیا۔ جیسے ہی پولیس اہلکاروں نے ناکہ بندی صاف کی اور گاؤں میں داخل ہوئے، شرپسندوں نے ایک عمارت کی چھت سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، تین سب انسپکٹر اور چار کانسٹیبل ہلاک ہوگئے۔

اوستھی نے اے این آئی کو بتایا ’’دوبے کے خلاف دفعہ 307 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جوابی فائرنگ بھی ہوئی لیکن مجرموں اونچائی پر تھے۔ اس طرح ہمارے آٹھ آدمی ہلاک ہوگئے۔‘‘

اوستھی نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک فارنسک ٹیم انکاؤنٹر کی جگہ پر پہنچ گئی ہے اور اتر پردیش پولیس کے خصوصی ٹاسک فورس کو طلب کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور کانپور کے انسپکٹر جنرل بھی موقع پر موجود ہیں۔