وزیر اعظم مودی اور ان کی بنگلہ دیش ہم منصب شیخ حسینہ نے اگرتلہ-اکھورا انٹرنیشنل ریل لنک کا افتتاح کیا

نئی دہلی، نومبر 2: وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ نے بدھ کے روز تریپورہ کے اگرتلہ اور بنگلہ دیش کے برہمن باڑیا ضلع میں اکھورا کے درمیان بین الاقوامی ٹرین روٹ کا افتتاح کیا۔

تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا، جنھوں نے افتتاحی تقریب میں عملی طور پر بھی شرکت کی، کہا کہ یہ 12.2 کلومیٹر طویل ریلوے لائن ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے میں رابطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ساہا نے کہا کہ تریپورہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاحت اور ٹرانسپورٹ کا گیٹ وے بننے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا ’’اگرتلہ-اکھورا ریلوے پروجیکٹ کے قیام کے ساتھ اگرتلہ اور کولکاتا کے درمیان فاصلہ مؤثر طریقے سے 1,600 کلومیٹر سے کم ہو کر اب 500 کلومیٹر ہو جائے گا۔‘‘

کم فاصلے سے اگرتلہ اور کولکتہ کے درمیان سفر کا وقت 38 گھنٹے سے کم ہو کر 10 گھنٹے تک ہو جانے کی امید ہے۔ یہ منصوبہ تریپورہ کو بنگلہ دیش کی چٹاگانگ بندرگاہ تک براہ راست رسائی فراہم کرے گا اور سرحد پار تجارت کو بھی فروغ دے گا۔

ہند-بنگلہ ٹرین روٹ کے لیے 2013 میں ایک میمورنڈم پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس پر کام 2016 میں 972.52 کروڑ روپے کے ابتدائی مختص بجٹ کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ کل میں سے 580 کروڑ روپے ہندوستان میں اور 392.52 کروڑ روپے بنگلہ دیش میں کام کے لیے منظور کیے گئے تھے۔

تاہم اس کے بعد بجٹ میں دو بار نظر ثانی کی گئی ہے۔ پروجیکٹ کی حتمی لاگت کا تخمینہ 1,255.10 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ اس میں سے 862.58 کروڑ روپے ہندوستانی جانب کام کے لیے مختص کیے گئے۔

اس منصوبے کی لاگت بھارتی حکومت نے برداشت کی ہے۔ شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت نے ہندوستان کی طرف سے کام کے لیے فنڈ فراہم کیا۔ وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش میں کیے گئے کام کی ادائیگی بنگلہ دیش کی امداد کے فنڈ کے ذریعے کی۔

ریلوے لائن کی کل لمبائی میں سے 5.46 کلومیٹر ڈوئل گیج لائن تریپورہ میں اور 6.7 کلومیٹر اکھورا میں ہے۔ بھارت میں اس منصوبے کے لیے کل 86.85 ایکڑ زمین حاصل کی گئی تھی۔

ہندوستانی طرف کے کام کو انڈین ریلوے کنسٹرکشن انٹرنیشنل لمیٹڈ نے مکمل کیا، جو ہندوستانی ریلوے کا ایک عوامی شعبہ ہے۔ وہیں بنگلہ دیش میں اس کا کام ایک ہندوستانی نجی انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر کمپنی Texmaco نے کیا۔