نفارمیشن ٹکنالوجی

اردو اِن پیج کی معلومات

شفیق احمد ابن عبداللطیف آئمی

 

’’اردو اِن پیج‘‘ ایک مفید سافٹ وئیر
اردو زبان جاننے والے جو حضرات کمپیوٹر وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں وہ ’’اردو اِن پیج‘‘ سافٹ وئیر سے ضرور واقف ہوں گے۔ یہ سافٹ وئیر اردو لکھنے والوں کے ’’نعمت‘‘ سے کم نہیں ہے اور اِس میں ہم اردو لکھ سکتے ہیں، کتاب بنا سکتے ہیں، رجسٹر، شادی کارڈ وغیرہ بنا سکتے ہیں اور اِس کے علاوہ بھی بہت ساری خصوصیات ایسی ہیں جن سے ہم استفادہ کرسکتے ہیں۔ آج کا زمانہ ’’انفارمیشن ٹیکنالوجی‘‘ کا زمانہ ہے۔ پہلے جب ہمیں کوئی مقالہ یا آرٹیکل یا کہانی وغیرہ لکھنی ہوتی تھی تو کاغذ پر قلم سے انتہائی احتیاط اور صفائی سے ہمیں لکھنا پڑتا تھا کیونکہ اگر غلطی ہو جاتی تھی تو اُسے سُدھارنے کے لئے ہمیں اُس لفظ کو کاٹنا اور اُس کی جگہ صحیح لفظ لکھنا پڑتا تھا۔ اُس میں ایک بہت بڑا مسئلہ یہ تھا کہ جو غلط لفظ کاٹا گیا ہوتا تھا وہ مٹایا نہیں جاسکتا تھا جس کی وجہ سے وہ لکھائی کو بدنما کردیتا تھا۔ دوسری صورت میں اگر ہم یہ چاہتے کہ کاٹا ہوا غلط لفظ دکھائی نہ دے تو اِس کے لئے ہمیں پھر سے نئے کاغذ پر لکھنا پڑتا تھا۔ ’’اردو ان پیج‘‘ میں ایک خوبی یہ ہے کہ اگر ہم نے کوئی لفظ غلط لکھ دیا ہو تو اُسے کاٹ کر صحیح لفظ لکھ سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اگر ہم نے پورا مضمون یا کہانی لکھ لی ہے اور ویسی ہی ایک کاپی اور بنانا چاہتے ہیں تو ’’اردو ان پیج‘‘ میں نئی فائل کھول کر ’’کاپی اور پیسٹ‘‘ کر کے آسانی سے دوسری فائل بنا سکتے ہیں جبکہ پہلے ہمیں اپنے ہاتھوں سے دوسرے کاغذ پر نئے سرے سے پورا مضمون یا کہانی دوبارہ لکھنا پڑتی تھی۔ اِس کے علاوہ ’’اردو ان پیج‘‘ سے اگر ہم چاہیں تو کاغذ پر ہزاروں کاپیاں ’’پرنٹر‘‘ کے ذریعے نکال سکتے ہیں۔
’’اردو اِن پیج‘‘ انسٹال کرنا
ہمارے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں ’’اردو اِن پیج‘‘ استعمال کرنے کے لئے اِس سافٹ وئیر کو ہمیں ’’انسٹال‘‘ کرنا ہوگا جو کہ بہت ہی آسان کام ہے۔’’اردو اِن پیج‘‘ سافٹ وئیر‘‘ ہمیں آسانی سے انٹر نیٹ پر مل جائے گا۔ پہلے اِس کی ’’سی ڈی‘‘ خریدنی پڑتی تھی لیکن اب یہ انٹر نیٹ پر مل جاتا ہے۔ اپنے کمپیوٹر میں کاپی کرنے کے بعد جب ہم ’’اردو اِن پیج‘‘ کے’’ فولڈر‘‘ کو ’’اوپن‘‘ کریں گے تو اُس میں ہمیں ایک فائل ’’سیٹ اپ‘‘ کے نام سے نظر آئے گی اور جب ہم اُس کو ’’اوپن‘‘ کریں گے تو اُس کی ’’انسٹالیشن ونڈو‘‘ کھل جائے گی تو ہمیں تصویر نمبر 1 دکھائی دے گی۔
اِس ’’ونڈو‘‘ میں جب ہم Next پر کلک کریں گے تو ہمارے سامنے ایک تصویر نمبر 2 کی ’’ونڈو‘‘ کھلے گی۔ اِس میں ہمارے سامنے ’’اردو اِن پیج‘‘ کی شرائط وغیرہ پیش کی جائیں گی۔ اگر ہم چاہیں تو اِن شرائط وغیرہ کو پورا پڑھ سکتے ہیں اور پڑھنے کے بعد … I agree پر ’’کلک‘‘ کریں گے تو اِس ’’ونڈو‘‘ میں Next کی بٹن ’’آن‘‘ ہو جائے گی۔ اگر ہم do not agree پر کلک کریں گے تو Next کی بٹن ’’آف‘‘ رہے گا اور ’’انسٹالیشن‘‘ آگے نہیں بڑھے گا۔
I agree پر ’’کلک‘‘ کرنے کے بعد جب Next بٹن ’’آن‘‘ ہوگا اور ہم اُس پر کلک کریں گے تو تصویر نمبر 3 کی ’’ونڈو‘‘کھلے گی جس میں ہم سے یہ پوچھا جائے گا کہ کیا کمپیوٹر اپنی ’’ڈیفالٹ‘‘ جگہ یعنی ’’سی ڈرائیو‘‘ میں ہی ’’انسٹال‘‘ کردے؟ یا آپ دوسری جگہ ’’انسٹال‘‘ کرنا چاہتے ہیں۔
اگر آپ ’’اردو اِن پیج‘‘ کو ’’سی ڈرائیو‘‘ میں نہیں بلکہ ’’ڈی یا ای یا ایف ڈرائیو‘‘ میں انسٹال کرنا چاہتے ہیں تو Change پر کلک کرکے وہ ’’ڈرائیو‘‘ اور اُس میں سے ’’فولڈر‘‘ سلیکٹ کرلیں اور Next پر کلک کردیں۔ اگر آپ ’’سی ڈرائیو‘‘ میں ہی ’’اردو اِن پیج‘‘ کو انسٹال کرنا چاہتے ہیں تو صرف Next پر کلک کردیں۔اِس کے بعد ’’اسٹالیشن‘‘ کا کام شروع ہوجائے گا۔ جب ’’انسٹالیشن‘‘ مکمل ہوجائے گا تو ہمارے سامنے تصویر نمبر 4 کی ’’ونڈو‘‘ کھلے گی۔
اِس ’’ونڈو‘‘ میں ہمیں اطلاع دی جائے گی کہ ’’اردو اِن پیج‘‘ کا ’’انسٹالیشن‘‘ مکمل ہوچکا ہے اور اب ہمیں Next بٹن کی جگہ Finishکا بٹن نظر آئے گا۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ ’’انسٹالیشن‘‘ پورا ہوگیا اور اب آپ Finish کی بٹن پر کلک کرکے ’’انسٹالیشن‘‘ کو ختم کردیں۔ جب ہم Finish کے بٹن پر کلک کریں گے تو ایک اور ’’ونڈو‘‘ کھلے گی جس میں ہم سے پوچھا جائے گا کہ ’’اردو اِن پیج‘‘ چلانے کے لئے آپ کو اپنا کمپیوٹر ’’ری اسٹارٹ‘‘ کرنا ہوگا۔ کیا آپ ابھی ’’ری اسٹارٹ‘‘ کرنا چاہتے ہیں یا بعد میں کریں گے۔ یہاں یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ’’اردو اِن پیج‘‘ کا ’’انسٹالیشن شروع کرنے سے پہلے ہمیں اپنے کمپیوٹر میں جاری تمام ’’ونڈوز‘‘ یا پروگرام کو بند کرنا پڑے گا کیونکہ ’’اردو اِن پیج‘‘ کے بہت سے سافٹ وئیر مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور اُن میں سے کئی ایسے ہیں کہ وہ ’’انسٹالیشن‘‘ مکمل ہونے کے بعد ہم یہ نہیں پوچھتے کہ ’’کیا آپ اپنے کمپیوٹر کوری اسٹارٹ کرنا چاہتے ہیں؟‘‘ بلکہ ’’انسٹالیشن‘‘ مکمل ہونے کے بعد ہمارا کمپیوٹر ’’خودکار‘‘ طریقے خود ہی ’’ری اسٹارٹ‘‘ ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں اگر ہم نے کچھ سافٹ وئیر کے پروگرام کھول رکھے ہوں گے تو وہ ’’کرپٹ‘‘ ہو کر ضائع بھی ہوسکتے ہیں۔ ’’اردو اِن پیج‘‘ کا ’’انسٹالیشن ‘‘ مکمل ہوا۔ ان شاء ﷲ اگلی قسط میں ’’اردو اِن پیج‘‘ شروع کرنے کا طریقہ اور کمپیوٹر کی چند اصطلاحات کے بارے میں بتائیں گے تاکہ آپ کو ’’اردو اِن پیج‘‘ چلانے میں آسانی ہو۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 24 جنوری تا 30 جنوری 2021