انفارمیشن ٹیکنالوجی

چند سافٹ وئیرز کی معلومات

شفیق احمد ابن عبداللطیف آئمی

 

شفیق احمد ابن عبداللطیف آئمی
ہم میں سے زیادہ تر افراد آج کل کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور موبائیل کا استعمال کررہے ہیں۔ اِن تینوں کے استعمال کے لیے ہمیں ضروری سافٹ وئیرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور سے کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور موبائیل میں ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ کے ساتھ ضروری سافٹ وئیر خود بخود انسٹال ہوجاتے ہیں لیکن بہت سے سافٹ وئیرز ایسے ہیں جو ’’آپریٹنگ سسٹم‘‘ کے ساتھ منسلک نہیں ہوتے ہیں لیکن وہ بہت کام کے ہوتے ہیں۔ ایسے بہت سے سافٹ وئیرز’’ انٹرنیٹ‘‘ پر دستیاب ہیں۔ اینڈرائیڈ موبائیل کے لیے تو تمام ضروری سافٹ وئیرز ’’گوگل پلے‘‘ پر دستیاب ہیں جب کہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے سافٹ وئیرز ہمیں انٹرنیٹ پر ملیں گے۔بہت سے سافٹ وئیرز ایسے ہیں جو بہت کام کے ہوتے ہیں لیکن اُن کی افادیت سے ہم واقف نہیں ہوتے ہیں۔ اُن میں سے چند سافٹ وئیرز کی معلومات یہاں پیش ہیں۔
ایڈٹ پیڈلائٹ
کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کی دنیا میں ’’ایم ایس ورڈ‘‘ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اگر ہم کو ’’ایم ایس ورڈ‘‘ کا متبادل درکار ہوگا تو ہم ’’ایڈٹ پیڈ لائٹ‘‘ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ سافٹ وئیر ’’ٹیب اور فارمیٹنگ‘‘ کی تمام خصوصیات کا حامل ہلکاپھلکا ایڈیٹر ہے اور آپ کے لیے ’’ایم ایس ورڈ‘‘ کی کمی کو دور کر سکتا ہے۔ اِس میں ’’یونی کوڈ‘‘ کی سپورٹ بھی موجود ہے تاکہ ہم اپنے یونی کوڈ ڈاکیو مینٹس پر بھی اِس کے ذریعے باآسانی کام سر انجام دے سکیں۔ ایک سے زائد فائلوں کو ’’ٹیب‘‘ کی صورت میں دکھا کر یہ اُن تک رسائی کو آسان بناتا ہے۔ اِس کے علاوہ اِس میں فائل کا ’’خود کار بیک اپ‘‘ بنانے کا فیچر بھی ہے جو ہمارے ’’ڈیٹا‘‘ کو ضائع ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔ ایڈٹ پیڈ لائٹ کا ڈاؤن لوڈ لنک یہ ہے۔
www.editpadlite.com
اپنے گھر کی ڈیزائین خود بنائیں
ہر انسان اپنی پوری زندگی میں کبھی نہ کبھی اپنا گھر بناتا ہے اور اپنا گھر بنانے سے پہلے اپنے دماغ میں اس کا ڈیزائین بناتے ہیں ۔ پھر ہم ’’ہوم ڈیزائینر‘‘ کے پاس جاکر اُسے ہمارے بننے والے گھر کی ڈیزائین کا ہلکا سا خاکہ بتاتے ہیں اور وہ ہمیں ہماری مرضی کے مطابق ڈیزائین بنا کر دیتا ہے۔ انٹر نیٹ پر ایک ایسا سافٹ وئیر دستیاب ہے جس کی مدد سے ہم اپنے گھر کی ڈیزائین خود تیار کرسکتے ہیں اور ہمارے گھر کا مکمل ’’فلور پلان‘‘ ہم اپنی مرضی کا بنا سکتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ ہم میں سے بہت سے افراد یقیناً ڈیزائینگ کے کئی ’’تھری ڈی‘‘ قسم کے سافٹ وئیر استعمال کرچکے ہوں گے۔ اِس سلسلے میں ’’پلانر فائیو ڈی‘‘ planner5D سافٹ وئیر بہت کام کا ہے اور یہ ہماری مکمل رہنمائی کرسکتا ہے۔ مفت دستیاب اِس سافٹ وئیر کی مدد سے ہم ’’فلور پلان‘‘ اور ’’انٹیریئر ڈیزائننگ‘‘ بآسانی اور خوبصورتی سے کرسکتے ہیں۔ اِس کی گیلری میں پہلے سے موجود خوبصورت ڈیزائینز اور فرنیچر کو ہم اپنے کام میں استعمال کرسکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِس میں تیار اپنا کام آپ دوستوں سے شیئر کر کے اُن کی رائے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اِس سافٹ وئیر کا ڈاؤن لوڈ لنک یہ ہے۔
www.planner5d.com
کمپیوٹر پر APK فائل چلانا
آج کل کمپیوٹر سے زیادہ انڈرائیڈ موبائل ٹیبلیٹ وغیرہ کا استعمال کیا جاتا ہے اور زیادہ تر لوگ یہ چاہتے ہیں کہ کمپیوٹر پر بھی اینڈرائیڈ کی APK فائلیں چلیں کیونکہ ’’گوگل پلے‘‘ پر ہر طرح کے سافٹ وئیر مفت میں دستیاب ہیں۔ خاص طور سے بچوں کی پسند کے سافٹ وئیر جو ’’گوگل پلے‘‘ پر مفت دستیاب ہیں وہ بچے کمپیوٹر پر بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔ اب اینڈرائیڈ APK فائل بھی آسانی سے کمپیوٹر پر چلنے لگیں ہیں۔ اِس کے لیے ’’بلیو اسٹاکس‘‘ Blue Stacks سافٹ وئیر کی ہمیں اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرنا پڑے گا۔ ’’بلیو اسٹاکس‘‘ میں ہم اینڈرائیڈ کی تمام فائلیں چلا سکتے ہیں۔ ’’بلیو اسٹاک‘‘ ڈاؤن لوڈ کرنے کی لنک یہ ہے۔
www.bluestacks.com
ہاٹ اسپاٹ شیلڈ
آج کل ’’وائی فائی‘‘ کا زمانہ ہے اور جہاں بھی ہم جائیں ہمیں ’’وائی فائی کنکشن‘‘ بآسانی مل جاتا ہے۔ بعض اوقات تو ہم آس پڑوس کے ’’بنا پاس ورڈ‘‘ یا ’’آسان پاس ورڈ‘‘ کے حامل کنکشنز کو کنیکٹ کر کے مزے سے انٹر نیٹ استعمال کرتے ہیں۔ جبکہ ہوٹلوں اور ائیر پورٹ وغیرہ پر ویسے ہی ’’وائی فائی‘‘ کے ذریعے انٹر نیٹ دستیاب ہوجاتا ہے لیکن موج اُڑاتے ہوئے ہمیں یہ خیال رکھنا چاہیے کہ ہماری سرگرمیاں کوئی بھی بآسانی نوٹ کر سکتا ہے۔ ہماری تمام ’’ویب سرفنگ‘‘ اور ’’چیٹ‘‘ جانی جاسکتی ہے۔ ہماری نا صرف معلومات چوری ہو سکتی ہے بلکہ ہمارا سسٹم ’’مال وئیر‘‘ یا ’’وائرس‘‘ سے بھی انفیکٹ ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں اپنے سسٹم کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ حفاظت ہمیں ’’ہاٹ اسپاٹ شیلڈ‘‘ کے ذریعے حاصل ہوسکتی ہے۔ اگر ہم ’’وائی فائی‘‘ کے ذریعے انٹر نیٹ استعمال کررہے ہیں تو ہمیں اِس سافٹ وئیر کو ضرور انسٹال کرنا چاہیے۔’’ہاٹ اسپاٹ شیلڈ‘‘ ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک یہ ہے۔
www.hotspotshield.com
باقی انشاء اﷲ اگلی قسط میں۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 20 تا 26 دسمبر، 2020