سپریم کورٹ نے این ایس اے کے تحت ڈاکٹر کفیل خان کی نظربندی منسوخ کرنے کے خلاف یوپی حکومت کی درخواست مسترد کردی

نئی دہلی، دسمبر 17: لائیو لا ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت ڈاکٹر کفیل خان کی نظربندی ختم کرنے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی اترپردیش حکومت کی درخواست کو مسترد کردیا۔

چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے کہا ’’یہ ہائی کورٹ کا اچھا حکم ہے… ہمیں ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ہے۔‘‘

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد خان نے کہا کہ انھیں عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’مجھے انصاف ملا، میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

معلوم ہو کہ یوپی حکومت نے 26 اکتوبر کو الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف خصوصی درخواست دائر کی تھی۔ اس درخواست میں مرکزی حکومت بھی فریق تھی۔

واضح رہے کہ ستمبر میں الہ آباد ہائی کورٹ نے خان کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ کے تحت لگائے گئے الزامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ ان پر گذشتہ سال دسمبر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران مبینہ طور پر اشتعال انگیز تبصرے کرنے کا الزام تھا اور وہ 29 جنوری سے حراست میں تھے۔

عدالت نے اپنے حکم میں یہ کہتے ہوئے کہ خان کی تقریر میں ’’نفرت یا تشدد کو فروغ دینے کی کسی بھی کوشش کا انکشاف نہیں ہوا ہے‘‘ ان کی نظربندی میں ہوئی تینوں توسیع کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔