کامیڈین  شیام رنگیلا وارانسی میں پی ایم مودی کے خلاف  لڑیں گےالیکشن

سوشل میڈیا ایکس پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے  مودی کو ان کی زبان میں جواب دینے کا وعدہ کیا

نئی دہلی ،02 مئی :۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرنے کے لیے مشہور کامیڈین شیام رنگیلا نے خود وزیر اعظم مودی کو چیلنج کرتے ہوئے وارانسی میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک اعلان میں انہوں نے کہا کہ  میں جلد ہی وارانسی پہنچ کر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی نامزدگی اور الیکشن لڑنے کے بارے میں آپ کے سامنے اپنے خیالات پیش کروں گا۔

اس سے پہلے کی ایک پوسٹ میں رنگیلا نے کہا تھا، ’’میں وارانسی سے الیکشن لڑوں گا کیونکہ آج کل کسی کو یقین نہیں ہے کہ کون نامزدگی واپس لے گا۔‘‘

میڈیا سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "2014 میں، میں وزیر اعظم نریندر مودی کا  فین تھا۔ میں نے وزیراعظم کی حمایت کرتے ہوئے کئی ویڈیوز شیئر کیں۔ راہل گاندھی اور اروند کیجریوال کے خلاف ویڈیوز بھی شیئر کیں۔ انہیں دیکھ کر کوئی کہہ سکتا ہے کہ میں اگلے 70 سالوں تک صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ دوں گا۔ لیکن پچھلے 10 سالوں میں صورتحال بدل گئی ہے… میں اب وزیر اعظم کے خلاف لوک سبھا انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سورت  میں کانگریس کی جانب سے امیدوار کے نامزدگی پرچہ واپس لینے کی وجہ سے بی جے پی امیدوار کو بغیر الیکشن لڑے فاتح قرار دیا اس کے بعد مدھیہ پردیش کے اندور میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جس میں یہاں بھی سورت کی طرح کانگریس امیدوار ن اپنا نام واپس لے لیا۔ان دونوں واقعہ شیام رنگیلا نے طنز کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ’’میری امیدواری وارانسی کے لوگوں کو سورت اور اندور کے برعکس ووٹ ڈالنے کا ایک آپشن دے گی۔ لہذا، میں اس ہفتے وارانسی جاؤں گا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اپنا پرچہ نامزدگی داخل کروں گا،‘‘  ۔

رنگیلا نے پہلے سوشل میڈیا پر اپنے پیروکاروں سے وارانسی سے ان کی ممکنہ امیدواری کے بارے میں رائے مانگی تھی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے سیاسی سفر کی تشکیل میں اپنے  فالوورس  کے ساتھ مل کر حکمت عملی تشکیل دینا چاہتے ہیں۔