اتوار کے روز ’’جنتا کرفیو‘‘ کے دوران دہلی میٹرو بند رہے گی

نئی دہلی، 20 مارچ: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اعلان کردہ ’’جنتا کرفیو‘‘ میں کردار ادا کرنے کے لیے دہلی میٹرو خدمات اتوار کے روز معطل رہیں گی۔

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر کہا ’’اس اتوار کو ہونے والے ’’جنتا کرفیو‘‘ کے تناظر میں 22 مارچ 2020 کو ڈی ایم آر سی نے اپنی خدمات کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گھر کے اندر ہی رہنے اور معاشرتی دوری کو برقرار رکھنے کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جو COVID-19 کے خلاف جنگ میں ضروری ہے۔‘‘

عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وبائی بیماری کے تناظر میں، جس نے ہندوستان کو بھی متاثر کیا ہے، وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو ملک کے عوام پر زور دیا کہ وہ اتوار کے روز صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ’’جنتا کرفیو‘‘ پر عمل کریں۔

جمعرات کی شام کو قوم سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا ’’آج میں ملک کے عوام سے ’’جنتا کرفیو‘‘ کی درخواست کررہا ہوں، اس اتوار 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک… یہ عوامی کرفیو ہے۔ جنتا کرفیو کا مطلب ہے عوام کے لیے خود عوام پر عائد کیا گیا کرفیو۔‘‘

انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس کرفیو کی پیروی کریں، سڑکوں پر نہ نکلیں یا سوسائٹیوں یا بازاروں میں جمع نہ ہوں اور گھروں کے اندر ہی رہیں۔