دہلی میٹرو نے 169 دن کے وقفے کے بعد دوبارہ اپنی خدمات شروع کیں

نئی دہلی، 7 ستمبر: ناول کورونا وائرس کی وجہ سے پانچ ماہ سے زیادہ عرصے تک بند رہنے کے بعد دہلی میٹرو نے سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ اپنی پیلی لائن کی خدمات کا آغاز کیا۔

پیلے رنگ کی لائن دہلی کے سمے پور بدلی کو گروگرام کے ہوڈا سٹی سینٹر سے جوڑتی ہے۔

وزارت داخلہ نے حال ہی میں ہدایات جاری کیں تھیں کہ ملک میں میٹرو خدمات کو بتدریج شروع کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے کہا کہ یہ کام 7 سے 12 ستمبر تک تین مراحل میں کیا جائے گا۔

ڈی ایم آر سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت پیلی لائن یا لائن 2 اور ریپڈ میٹرو کو محدود کام کے اوقات کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ٹرینیں پہلے مرحلے میں چار گھنٹے کے بیچ میں صبح 7 سے 11 تک اور شام 4 سے 8 بجے تک چلیں گی۔

واضح رہے کہ قومی راجدھانی میں میٹرو خدمات وبائی امراض کے سبب 22 مارچ سے بند تھیں۔ ڈی ایم آر سی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ زیادہ ضرورت پڑنے پر ہی میٹرو کا استعمال کریں۔