ملک بھر میں این پی آر اور مردم شماری کی مشق کو ملتوی کیا جائے، اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے وزیر اعظم کو خط لکھا

نئی دہلی، مارچ 20: اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنایک نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کورونا وائرس کی وبا کو دیکھتے ہوئے مردم شماری 2021 اور قومی آبادی کے اندراج (این پی آر) کی مشق کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

وزیر اعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں اڈیشہ کے وزیراعلیٰ نے کہا: ’’ہم اس وقت ناول کورونا وائرس (COVID-19) جیسے وبائی مرض کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ریاستی مشینری کے تمام شعبوں کو COVID-19 پر قابو پانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چوں کہ مردم شماری اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے متحرک ہونے سے فیلڈ ورکرز اور لوگوں کے لیے بھی بہت بڑا خطرہ لاحق ہوگا، لہذا اس کے بجائے میں ملک میں مردم شماری اور اس سے متعلقہ سرگرمیاں ملتوی کرنے کی تجویز پیش کروں گا۔‘‘

 

مرکزی وزارت داخلہ نے یکم اپریل سے مردم شماری اور این پی آر کی تازہ کاری کے عمل کا آغاز طے کیا ہے۔ ریاستوں کو یکم اپریل سے 30 ستمبر کے درمیان آنے والے 45 دنوں کے دوران مکانوں کی فہرست سازی، مردم شماری اور آبادی کے اندراج کو اپ ڈیٹ کرنے کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ پہلے مرحلے کے دوران ملک میں لگ بھگ 30 لاکھ شمار کنندگان اور سپروائزر ہر گھر کا دورہ کرکے اعداد و شمار اکٹھا کریں گے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک لگ بھگ 190 کورونا وائرس سے متاثرہ افراد پائے گئے ہیں- ان میں سے 19 کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔ وہیں اب تک ان مریضوں میں سے چار کی موت ہو چکی ہے۔