اترپردیش بی جے پی کے ایم ایل اے نے کہا کہ عید پر لوگوں کو جانوروں کے بجائے ’’اپنے بچوں کی قربانی‘‘ دینی چاہیے

نئی دہلی، جولائی 29: غازی آباد میں لونی حلقہ سے بی جے پی کے ایم ایل اے نند کشور گجر نے اس وقت تنازعہ کھڑا کردیا، جب انھوں نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی میں ’’جانوروں کے بجائے اپنے بچوں کی قربانی دیں۔‘‘

نیشنل ہیرالڈ کی خبر کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’گوشت کورونا وائرس پھیلاتا ہے‘‘، لہذا لوگوں کو بے گناہ جانوروں کی قربانی دینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

نیوز ایجنسی اے این آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے قانون ساز نے کہا ’’وہ لوگ جو عید پر قربانی دینا چاہتے ہیں وہ اپنے بچوں کی قربانی دیں۔ میں لونی میں لوگوں کو گوشت اور شراب کا استعمال نہیں کرنے دوں گا۔ ہم لوگوں کو بے گناہ جانوروں کی قربانی نہیں دینے دیں گے، کیوں کہ گوشت کورونا وائرس پھیلاتا ہے۔‘‘

گجر نے مزید کہا ’’لوگوں نے جس طرح سے مندروں اور مساجد میں عبادت نہ کر کے حکومت کے رہنما خطوط پر عمل کیا ہے، اسی طرح انھیں اس عید پر بھی جانوروں کی قربانی پیش نہیں کرنی چاہیے۔‘‘

گجر نے آگے کہا ’’پہلے سناتن دھرم میں بھی جانوروں کی قربانی پیش کی جاتی تھی۔ تاہم اب اس کے بجائے ناریل کی پیش کش کی جاتی ہے۔ میں مسلمان بھائیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ جانوروں کی قربانی نہ دیں۔ ہم جانوروں کی قربانی کرنے والوں کو روکیں گے۔ لونی میں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔‘‘