راجستھان: مساجد اور گرودواروں کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کی ترغیب دینے والے بی جے پی لیڈر کو پارٹی سے نکالا گیا
نئی دہلی، نومبر 6: بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر سندیپ دائما کو اتوار کے روز پارٹی سے نکال دیا گیا، جس نے گذشتہ ہفتے مساجد اور گرودواروں کے بارے میں فرقہ وارانہ بیان دیا تھا۔
بی جے پی نے کہا کہ انھوں نے ’’پارٹی کے نظریہ کے خلاف‘‘ بیانات دیے۔
یکم نومبر کو دائما نے کہا تھا کہ تیجارہ قصبے میں مساجد اور گرودواروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔ دائما نے یہ بیان راجستھان کے تجارا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار بالک ناتھ کے لیے مہم چلاتے ہوئے دیا تھا۔ راجستھان میں 25 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔
دائما نے کہا تھا ’’دیکھو یہاں کتنی مساجد، گرودوارے بنائے گئے ہیں۔ یہ مستقبل میں ہمارے لیے ایک السر بن جائے گا۔ اس لیے ہمارا فرض ہے کہ اس السر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے…‘‘
ان بیانات کو سکھ برادری کے ارکان اور پارٹی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جنھوں نے دائما کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔ سنگھ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’کسی کو بھی اشتعال انگیز نفرت انگیز تقاریر کے بعد محض معافی مانگ کر بھاگنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔‘‘
بی جے پی پنجاب کے سربراہ سنیل جاکھڑ نے بھی اتوار کو کہا کہ راجستھان لیڈر کے بیانات کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ دائما نے 2 نومبر کو یہ کہتے ہوئے معذرت کی تھی کہ وہ اپنی تقریر میں مساجد اور مدارس کا حوالہ دینا چاہتے تھے لیکن غلطی سے گرودواروں کے بارے میں بول گئے۔
تاہم شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی، جو پنجاب، ہماچل پردیش اور چندی گڑھ میں سکھوں کی عبادت گاہوں کی منتظم کمیٹی ہے، نے کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی مقامات کے خلاف بولنا بھی اتنا ہی قابل مذمت ہے جتنا کہ سکھوں کے مذہبی مقامات کے خلاف بولنا۔