جمنا میں پانی کی سطح کم ہوئی لیکن دہلی میں ابھی بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے

نئی دہلی، جولائی 15: دہلی میں ہفتہ کی صبح یمنا ندی کی سطح کم ہوئی لیکن خطرے کے نشان سے اوپر رہی۔

پی ٹی آئی نے سنٹرل واٹر کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ دہلی میں جمعرات کی شام 8 بجے دریا کی سطح 208.66 میٹر کی چوٹی سے ہفتہ کی صبح 8 بجے 207.58 میٹر پر آگئی۔ دریا کے لیے خطرے کا نشان 206.24 میٹر ہے۔ قومی راجدھانی کے کئی نشیبی علاقے ابھی بھی زیر آب ہیں اگرچہ اب پانی کم ہونے لگا ہے۔

جمعہ کی صبح سیلاب کا پانی سپریم کورٹ کے داخلی دروازے تک پہنچ گیا اور مصروف ITO چوراہے اور راج گھاٹ کو ڈبا دیا تھا۔ جمعہ کے روز دہلی کے مکند پور میں پانی بھرے علاقے میں نہاتے ہوئے تین بچے بھی ڈوب گئے تھے۔

دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں سیلاب اس وقت پیش آیا جب ’’پانی کی بے قابو مقدار‘‘ ہریانہ کے یمنا نگر میں ہتھنی کنڈ بیراج سے یمنا میں چھوڑی گئی۔

ہماچل پردیش میں شدید بارش کی وجہ سے بیراج بھر گیا ہے، جہاں جان و مال کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ جمعہ کو ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 19 جولائی تک اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور اتر پردیش میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔

دہلی حکومت نے جمعرات کو اوکھلا، وزیرآباد اور چندروال میں پانی کی صفائی کے پلانٹس کو بھی پانی میں ڈوب جانے کے بعد بند کر دیا تھا۔ جمعہ کو اوکھلا واٹر پلانٹ کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ کیجریوال نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیرآباد اور چندروال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اتوار سے کام کرنا شروع کر دیں گے، بشرطیکہ زیادہ بارش نہ ہو۔

دہلی کے وزیر برائے پانی سوربھ بھاردواج نے ہفتے کے روز کہا ’’ہم پانی کے کم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ پانی کی صفائی کرنے والے پلانٹس کے آلات کو صاف اور خشک کیا جا سکے۔ اس وقت دہلی کی پانی کی پیداوار کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ متاثر ہے اور لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔‘‘

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے بھی دریا کے پانی کی سطح کم ہونے کے بعد یمنا پلوں پر ٹرینوں کی رفتار پر پابندیاں ہٹا دی ہیں۔ اس سے قبل احتیاطی اقدام کے طور پر ٹرینیں دریا کے چاروں میٹرو پلوں سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی محدود رفتار کے ساتھ گزر رہی تھیں۔

چار پل یمنا بینک (بلیو لائن پر 698.8 میٹر)، نظام الدین (پنک لائن پر 602.8 میٹر)، کالندی کنج (میجنٹا لائن پر 574 میٹر) اور شاستری پارک (ریڈ لائن پر 553 میٹر) پر ہیں۔

دہلی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ بھیرن مارگ، جو متھرا روڈ سے رنگ روڈ کیریج وے تک پھیلا ہوا ہے، گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے ابھی نہیں کھلا ہے۔

دریں اثنا، دہلی کے ڈویژنل کمشنر اشونی کمار نے ہفتہ کو ریاستی وزراء کی نافرمانی کے الزامات کی تردید کی اور عام آدمی پارٹی کے الزامات کو ’’افسوس نا‘‘ قرار دیا۔

جمعہ کو ریاستی وزیر سوربھ بھاردواج نے دہلی کے بیوروکریٹس پر الزام لگایا تھا کہ وہ جمعرات کی رات آئی ٹی او کے علاقے میں سیلاب کی وجہ سے تباہ شدہ واٹر ریگولیٹر کو ٹھیک کرنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس بھیجنے کی ان کی درخواستوں کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔

ہفتے کے روز کمار نے کہا کہ اس نے دہلی کے محکمہ تعمیرات عامہ کی وزیر آتشی سے بات کی اور ان کے پیغامات کا جواب بھی دیا۔

کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’ہمارے تمام فیلڈ افسران حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں اور دن رات کام کرنے والے اہلکاروں کے خلاف الزامات لگانا افسوس ناک ہے۔‘‘