بہار: سیتامڑھی میں مدرسے پرشرپسندوں کا حملہ، ٹیچر اور بچوں کے ساتھ مارپیٹ

نئی دہلی ،15 جولائی :۔

بہار میں  سیتامڑھی ضلع کے بتھناہا تھانے کے تحت چکوا گاؤں  میں شر پسندوں نے ایک مدرسہ پر حملہ کر دیا،شر پسند لاٹھی ڈنڈوں اور ہتھیار سے لیس تھے،بڑی تعدا د میں ایک پھوس اور چھپر کے بنے مکتب پر حملہ کر دیا ۔حملہ آوروں  کے ہجوم نے مدرسے کو آگ لگا دی اور وہاں پڑھنے والے بچوں اور  ٹیچر  کو بھی مارا۔ اس حملے میں پورا مکتب تباہ ہو گیا ہے۔

اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں جنونی ہجوم کو مدرسے پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اشرف حسین نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ویڈیو شیئر کیا گیا ہے جس  میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل بھیڑ اس مکتب پر حملہ کر رہی ہے ۔پھوس سے بنے مکتب کے ایک حصے کو تباہ کر دیا گیا اور اس میں آگ لگا دی گئی ہے ۔اس دوران بھیڑ اکساتی ہوئی بھی نظر آ رہی ہے ۔اس معاملے پر سیتامڑھی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جائے وقوعہ کے ارد گرد پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے، فی الحال حالات معمول پر ہیں۔پولیس کی رپورٹ کے مطابق معاملہ زمینی تنازعہ کا ہے ۔رپورٹ کے مطابق فریق اول کے زین الانصاری اور فریق ثانی شیو دھاری داس و دیگر کے مابین زمین کا تنازعہ تھا ۔فریق ثانی کے لوگوں نے مکتب پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کیا ہے ۔اس معاملے میں دونوں فریق کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے ۔