کشمیرمیں فوجی کیمپ پر حملہ، تین بھارتی فوجی اور دو عسکریت پسند ہلاک

نئی دہلی، اگست 12: فوج کے اعلی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کو  مرکز کے  زیر انتظام  خطہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک فوجی کیمپ پر حملے کے نتیجے میں تین بھارتی فوجی اور دو مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک سینیئر پولیس افسر مکیش سنگھ نے بتایا کہ جمعرات کو علی الصبح جنوبی راجوری ضلعے کے دور دراز علاقے درہل میں اسلحے اور دستی بموں سے لیس کم از کم دو حملہ آوروں نے کیمپ پر دھاوا بولا۔انہوں نے بتایا کہ فوجیوں نے حملے کا جواب دیا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو کم از کم تین گھنٹے تک جاری رہا۔

ایک سینیئر پولیس افسر کے مطابق جمعرات کو علی الصبح جنوبی راجوری ضلعے کے دور دراز علاقے درہل میں کم از کم دو حملہ آوروں نے کیمپ پر دھاوا بولا اور فائرنگ کے تبادلے میں  تین بھارتی فوجی اور دو مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ جب لڑائی جاری تھی تو فوجیوں کی ایک کمک اور انسداد دہشت گردی پولیس نے کیمپ کو گھیرے میں لے  لیا۔ایک دیگر پولیس افسر نے بتایا کہ پانچ ہلاکتوں کے علاوہ لڑائی میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔

فوج کے ایک عہدیدار نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ مسلم اکثریتی علاقے راجوری میں حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے چوکی کے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

حکومت کی طرف سے کشمیر کی آئینی حیثیت کے خاتمے کی تیسری برسی کے چند ہی دن بعد، یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب بھارت پیر (15 اگست) کو برطانوی راج سے آزادی کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل بدھ کو پولیس نے بتایا تھا کہ سرکاری فورسز نے ضلع بڈگام میں کارروائی کے دوران تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔جس میں سے شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب عسکریت پسندکمانڈر لطیف راتھر بھی شامل تھا ۔کشمیر میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں لطیف راتھر راست طور پر یا باالواسطہ طریقے سےہر جگہ ملوث تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے اس تعلق سے ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وتر وہیل خانصاحب میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین جنگجو مارے گئے جن میں سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب لشکر کمانڈر لطیف راتھر بھی شامل ہے جس نے سیکورٹی فورسز کو کافی پریشان کیا ہوا تھا۔