عسکریت پسندوں نے بانڈی پورہ میں غیر مقامی مزدور کو پھر بنایا نشانہ

نئی دہلی، اگست 12: مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے سادنارہ اجس گاؤں میں مشتبہ جنگجوؤں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ درمیانی شب کو ساد نارہ اجس  میں مشتبہ جنگجو ؤں نے ایک کمسن غیر مقامی مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا۔ خون میں لت پت  حالت میں اسے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔

ہلاک شدہ مزدور کی شناخت 19سالہ محمد امریز ولد محمد جلیل ساکن بہار کے بطور ہو ئی ہے۔

پولیس نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ پولیس  کے ایک اعلی افسر نے بتایا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب، ایک نامعلوم دہشت گرد نے بانڈی پورہ کے سادونارا اجس میں بہار کے بیسارہ، مدھے پورہ کے رہنے والے 19 سالہ محمد امریز ولد محمد جلیل کو  قریب سے گولی مار دی۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا، ”امریز کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا”۔ یہ واقعہ رات ایک بجے کے قریب پیش آیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن چلایا لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔

دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقاتا شروع کر دی ہے۔