مدھیہ پردیش میں عید سے ایک روز قبل دو ہندو دیوتاؤں کی مورتیوں کی مبینہ طور پر بے حرمتی کے الزام میں ایک ہندو شخص گرفتار

نئی دہلی، مئی 6: برہان پور ضلع کی پولیس نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں عید الفطر کے موقع پر دو مورتیوں کی مبینہ طور پر بے حرمتی کے الزام میں پیر کو ایک 28 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق ملزم شخص نے، جس کی شناخت ستیش چوہان کے نام سے ہوئی ہے اور جو پیشے سے ایک بڑھئی ہے، مبینہ طور پر ہنومان اور رام دیو کی مورتیوں کی بے حرمتی کی تھی۔

منگل کو ایک فیس بک پوسٹ میں برہان پور پولیس نے کہا کہ انھوں نے اس شخص کی ضلع کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

پیر کی رات 8 بجے کے قریب مورتیوں کی بے حرمتی کی خبریں گردش کرنے لگیں، جس کے نتیجے میں عوام میں کھلبلی مچ گئی۔ اس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور رہائشیوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس واقعہ کے لیے کسی خاص برادری کا نام نہ لیں۔

پولیس نے کہا ’’معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر چار ٹیمیں تشکیل دیں اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔‘‘

ملزم ستیش چوہان راج گھاٹ کا رہنے والا ہے۔

پولیس نے کہا کہ انھوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شخص کو عجلت میں مندر میں داخل ہوتے اور جاتے ہوئے دیکھا۔ دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راہل لودھا نے بتایا کہ ’’ہم نے اس شخص [ستیش] کو پکڑ لیا جو مندر سے محض 500 میٹر دور رہتا تھا۔‘‘

پولیس نے کہا کہ وہ فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

چوہان کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہان غلط رویے کا مظاہرہ کرتا ہے اور ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس ڈاکٹر سے پوچھ گچھ کی جس سے اہل خانہ نے چوہان کے علاج کے لیے رابطہ کیا تھا۔

پولیس نے کہا ’’ڈاکٹر نے ہمیں تصدیق کی کہ خاندان نے ستیش کے علاج کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔ اگرچہ وہ کسی خاص دماغی بیماری کا شکار نہیں ہے، لیکن اس کا رویہ نامناسب رہتا ہے، خاص طور پر جب سے اس کی بیوی نے اسے چھوڑ دیا ہے۔‘‘

تعزیرات ہند کی دفعہ 295 (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا اس کی بے حرمتی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

برہان پور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی افواہ سے متاثر نہ ہوں اور تمام تہوار پرامن طریقے سے منائیں۔