مدھیہ پردیش: ایم بی بی ایس کے پہلے سال کے طلبا اب فاؤنڈیشن کورس میں امبیڈکر کے ساتھ ساتھ ہندوتوا رہنماؤں کے بارے میں بھی پڑھیں گے

نئی دہلی، ستمبر 6: ریاستی وزیر تعلیم وشواس سارنگ نے اتوار کو کہا کہ مدھیہ پردیش میں ایم بی بی ایس کے طلبا کو آر ایس ایس کے بانی کے بی ہیڈگیور، بھارتیہ جن سنگھ کے رہنما دین دیال اپادھیائے، سوامی وویکانند اور بی آر امبیڈکر کے بارے میں پہلے سال کے فاؤنڈیشن کورس کے حصے کے طور پر لیکچر دیا جائے گا۔ یہ قدم طلبا میں سماجی اور طبی اخلاقیات پیدا کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔

ہیڈگیور، اپادھیائے اور سوامی وویکانند سنگھ کے ہندوتوا پنتھیون کا حصہ ہیں، جو کہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نظریاتی سرپرست ہے۔

وزیر نے کہا کہ ایم بی بی ایس کے پہلے سال کے طلبا مہارشی چاراکا کے بارے میں بھی سیکھیں گے، جو آیوروید کے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہیں۔ اور بابا سشرت کے بارے میں بھی، جنہیں ہندوستان میں فادر آف سرجری کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

سارنگ نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’ایم بی بی ایس کے فرسٹ ایئر کورس کے طلبا کو ہیڈگیورجی، اپادھیائے جی، سوامی وویکانند جی، امبیڈکر جی اور دیگر عظیم شخصیات کے بارے میں لیکچر دیا جائے گا۔ ان عظیم شخصیات کے اسباق طلبا میں اقدار، اصول، سماجی اور طبی اخلاقیات پیدا کریں گے۔‘‘

معلوم ہو کہ ایم بی بی ایس کے طلبا کے لیے اگلا تعلیمی سیشن رواں سال کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

سارنگ نے مزید کہا "نیشنل میڈیکل کونسل (این ایم سی) نے کہا ہے کہ اخلاقی اقدار کو پہلے سال (ایم بی بی ایس) میں فاؤنڈیشن کورس کا حصہ ہونا چاہیے۔ لہذا ہم نے ان عظیم شخصیات کو طلبا کے کردار کی تعمیر کے لیے شامل کرنے کے بارے میں سوچا۔‘‘

وزیر نے کہا کہ ریاستیں فاؤنڈیشن کورس کے مواد کو حتمی شکل دیتی ہیں۔

کیشو بالی رام ہیڈگیور، جو کہ ایک سرجن تھا، نے 1925 میں ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی بنیاد رکھی، جو ہندوتوا کے نظریے پر مبنی ہے۔ دین دیال اپادھیائے بھارتیہ سنگھ کے اہم رہنماؤں میں سے ایک تھے، جو بی جے پی کے پیشرو تھے۔

معلوم ہو کہ این ایم سی، ایم بی بی ایس کورس کے نصاب کا فیصلہ کرتی ہے۔ لیکن طبی برادری کے ذرائع نے بتایا کہ وہ ہر مضمون کے لیے موضوعات متعین کرتی ہے لیکن ریاستوں کا محکمہ تعلیم ہی فاؤنڈیشن کورس کے مضمون کو تیار کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن کورس میں لیکچرز عام طور پر طالب علموں کو ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے کے بعد ایک ماہ کے لیے دیے جاتے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں ہر سال تقریباً 2،000 ہزار طلبا ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ لیتے ہیں۔