جھارکھنڈ حکومت جنوری تک پرائیوٹ سیکٹر کی ملازمتوں میں مقامی لوگوں کے لیے 75 فیصد کوٹہ نافذ کرے گی

نئی دہلی، دسمبر 22: دی نیو انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق جھارکھنڈ کے وزیر محنت ستیانند بھوکٹا نے بدھ کے روز اسمبلی کو بتایا کہ نجی شعبے کی ملازمتوں میں ریاستی باشندوں کے لیے 75 فیصد کوٹہ جنوری تک نافذ کر دیا جائے گا۔

مقامی امیدواروں کے لیے اسٹیٹ ایمپلائمنٹ اِن پرائیویٹ سیکٹر بل 2021، گذشتہ سال ستمبر میں پاس ہوا تھا۔ اس قانون کے تحت ریاست کے رہائشیوں کو نجی شعبے کی ان ملازمتوں میں ریزرویشن ملتا ہے، جن میں ماہانہ 40,000 روپے تک کی تنخواہ ملتی ہو۔

یہ قانون اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ ’’مقامی امیدواروں کی ملازمت کے عمل کے دوران، متعلقہ ادارے کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں، متعلقہ ضلع کے مقامی امیدواروں اور معاشرے کے تمام طبقات کے لوگوں کی نمائندگی پر توجہ دی جائے گی۔‘‘

اس میں ایک کمیٹی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جس میں مقامی ایم ایل اے، ڈپٹی ڈویلپمنٹ کمشنر اور سرکل آفیسر شامل ہوں گے، جو ملازمت کے طریقۂ کار کی نگرانی کریں گے اور متعلقہ آجر کو مناسب ہدایات جاری کریں گے۔

جمعرات کو بھوکٹا نے اسمبلی کو بتایا کہ جیسے ہی کمپنیوں کو رجسٹر کرنے کے لیے درکار پورٹل تیار ہو جائے گا، اس قانون کو نافذ کر دیا جائے گا۔

انھوں نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایم ایل اے سدیویہ کمار سونو اور کانگریس کے قانون ساز پردیپ یادو کے سوال کے جواب میں کہا کہ ’’پورٹل تیار کیا جا رہا ہے، ایک بار جب وہ تیار ہو جائے گا تو اسے عام کر دیا جائے گا، جس کے ذریعے کمپنیاں خود کو اس پر رجسٹر کر سکیں گی۔‘‘

یادو اور سونو دونوں نے کوٹہ کو نوجوانوں کے لیے ایک نعمت قرار دیا اور کہا کہ اگر اسے نافذ نہیں کیا گیا تو رہائشیوں کو اس اسکیم کے تحت ملازمتیں تلاش کرنے میں دشواری ہوگی۔