دہلی ہائی کورٹ نے سکھوں کو طیاروں میں کرپان لے جانے کی اجازت دینے والے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کی

نئی دہلی، دسمبر 22: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں اس حکومتی نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں سکھ مسافروں کو گھریلو پروازوں میں کرپان لے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ کرپان ایک خنجر ہے جسے سکھ مت کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

ایڈووکیٹ ہرش وبھورے سنگھل کی طرف سے دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی نے 4 مارچ کو سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ نوٹیفکیشن سکھوں کو پرواز میں کرپان لے جانے کی اجازت دیتا ہے، اس شرط پر کہ بلیڈ کی لمبائی چھ انچ سے زیادہ نہیں ہو اور اس کی کل لمبائی نو انچ سے زیادہ نہ ہو۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد کی بنچ نے ریمارکس دیے کہ یہ فیصلہ حکومت کی پالیسی ہے اور عدالت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی، جب تک کہ یہ صوابدیدی نہ ہو۔

سنگھل نے دلیل دی تھی کہ وہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت مذہب کا دعویٰ کرنے اور اس پر عمل کرنے کے حق پر سوال نہیں اٹھا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا تھا ’’میں تسلیم کرتا ہوں کہ آرٹیکل 25 کرپان لے جانے کی اجازت دیتا ہے، لیکن جب آپ پرواز کر رہے ہوتے ہیں تو ریگولیٹر کو اپنا دماغ لگانا چاہیے۔ میں اس معاملے کی جانچ کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی ایک کمیٹی کا قیام چاہتا ہوں۔ اگر کمیٹی کو لگتا ہے کہ نوٹیفکیشن اچھا ہے تو ہو۔ کوئی مسئلہ نہیں۔‘‘

بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی نے کہا تھا کہ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

کیس میں تفصیلی عدالتی حکم کا انتظار ہے۔

درخواست میں استدلال کیا گیا تھا کہ اگر حکومت سکھوں کے مذہبی تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے کرپان لے جانے کے ’’مطالبات کو مان لیتی ہے‘‘ تو اس وقت کیا ہوتا ہے جب دوسرے ممالک اس عمل پر پابندی لگاتے ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن قانون کے لحاظ سے خراب ہے اور سول ایوی ایشن سیفٹی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کنونشنز کی بھی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اس نے عرض کیا کہ ماضی میں کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جن میں کرپان کو طیاروں کو ہائی جیک کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کیا گیا ہے۔ سنگھل نے 1981 اور 1984 میں طیاروں کی ہائی جیکنگ کا حوالہ دیا۔