جھارکھنڈ: رام گڑھ میں بدمعاشوں کے ساتھ فائرنگ کے دوران دو پولیس اہلکاروں کو گولی لگی

نئی دہلی، جولائی 18: جھارکھنڈ پولیس کے دو افسران پیر کے روز گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جب انھیں ایک مجرم گروہ کے ارکان نے گولی مار دی۔

یہ واقعہ رام گڑھ ضلع کے پتراتو تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

رام گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پیوش پانڈے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ رانچی میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور رام گڑھ پولیس کی ٹیمیں امن ساہو گینگ کے ارکان کی تلاش میں تھیں، جب ان پر فائرنگ کی گئی۔

انھوں نے بتایا ’’اے ٹی ایس ڈی ایس پی نیرج کمار اور ایس آئی سونو ساو کو مجرموں نے گولی مار دی۔ دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو رانچی کے ایک اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہیں۔‘‘

ساہو ہسٹری شیٹر ہے اور اس وقت جیل میں ہے۔ اسے جھارکھنڈ انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور قومی تحقیقاتی ایجنسی جیسی ایجنسیوں کے ذریعہ درج کئی مقدمات کا سامنا ہے۔

نامعلوم پولیس حکام نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ساہو کا گینگ کالعدم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤسٹ) کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرتا ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ ساہو جیل کے اندر سے اپنے گینگ کے ارکان کو چلاتا رہتا ہے۔