جموں و کشمیر کو مناسب وقت پر ریاست کا درجہ حاصل ہو جائےگا: امت شاہ

نئی دہلی، فروری 13: امت شاہ نے آج لوک سبھا میں جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل، 2021 پر بات کرتے ہوے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے پر ممبران پارلیمنٹ کے شکوک و شبہات پر بھی بات کی اور کہا کہ جموں و کشمیر کو صحیح وقت پر ریاست کا درجہ دے دیا جائے گا۔

امت شاہ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’بہت سے ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل، 2021 لانے کا مطلب ہے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔ میں اس بل کو پیش کررہا ہوں، میں اسے لایا ہوں۔ میں نے اپنے ارادوں کو واضح کر دیا ہے۔ کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ نہیں ملے گا۔‘‘

شاہ نے مزید کہا ’’میں نے اس ایوان میں پہلے بھی کہا ہے اور میں پھر یہ کہتا ہوں کہ اس بل کا جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ مناسب وقت پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔‘‘

معلوم ہو کہ جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل، 2021 کو آج لوک سبھا میں پیش کیا گیا تھا اور منظور بھی کر لیا گیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

ریڈی نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے بعد 170 کے لگ بھگ مرکزی قوانین نافذ کیے جارہے ہیں جو اس سابق ریاست کو ایک خاص درجہ فراہم کریں گے۔