جموں و کشمیر: پونچھ میں دلدوز سڑک حادثہ،12افراد ہلاک،درجنوں زخمی

نئی دہلی، ستمبر 14: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بدھ کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں12 افراد ہلاک جبکہ 27 دیگر زخمی ہوگئے۔

ہلاک شدگان میں دو کمسن بچے اور تین خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے 5 کی حالات انتہائی نازک بتائی جا رہی ہےجنہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ایئر لفٹ کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے حادثے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں بدھ کی صبح منڈی سے ساوجیاں جانے والی ایک منی گاڑی سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں نو افراد کی موقع پر ہی یا ہسپتال لے جانے کے دوران موت واقع ہوگئی۔

مہلوکین کی شناخت 14 سالہ معروف احمد،40سالہ بشیر احمد،18 سالہ روضیہ اختر،40سالہ زرینہ بیگم،65سالہ محمد حسین، 20 سالہ ناظمہ اختر،5 سالہ عمران احمد،70سالہ عبدالکریم اور 40 سالہ عبدالقیوم کے بطور ہوئی ہے ۔ ہلاک شدگان مقامی باشندے ہیں۔

حادثے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں سے گیارہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے مہلوکین کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ساوجیاں پونچھ میں سڑک حادثے میں ہونے والی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرا صدمہ پہنچا، پسماندگان کے ساتھ تعزیت  کا اظہارکرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا: ’مہلوکین کے لواحقنہ کو پانچ لاکھ روپیے  بطورمعاوضہ دئے جائیں گے اور پولیس اور سول حکام کو ہدایت دی  گئی ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج بہم پہنچائیں‘۔