جگدیپ دھنکھڑ نے ملک کے 14ویں نائب صدر کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی، اگست 11: مغربی بنگال کے سابق گورنر جگدیپ دھنکھر نے جمعرات کو ہندوستان کے 14ویں نائب صدر کے طور پر حلف لیا۔

صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں دھنکھر کو اس عہدے کا حلف دلایا۔

اس سے پہلے دن میں دھنکھر نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دہلی کے راج گھاٹ کا دورہ کیا۔

6 اگست کو مغربی بنگال کے سابق گورنر اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب میں فتح حاصل کی تھی۔ انھوں نے ڈالے گئے 725 ووٹوں میں سے 346 ووٹ حاصل کیے تھے، جب کہ اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا کو 182 ووٹ ملے۔ پندرہ ووٹوں کو غلط قرار دے کر مسترد کر دیا گیا تھا۔

ایک سابق ایم پی، دھنکھر نے جولائی 2019 میں مغربی بنگال کے گورنر کے طور پر حلف لیا تھا۔ گورنر کے طور پر اپنی میعاد کے دوران ان کے اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان کئی معاملات پر اختلاف تھا۔

دھنکھر ممتا بنرجی حکومت کے سخت ناقد رہے ہیں۔ بنرجی نے ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے ترجمان کی طرح ہیں۔ ممتا نے الزام لگایا تھا کہ دھنکھر نے ریاستی حکومت کے کام کاج میں مداخلت کی ہے۔

دریں اثنا نائب صدر کے طور پر وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو گئی۔

بدھ کے روز نائیڈو نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ اب ملک کی خدمت میں اپنا ’’نامکمل سفر‘‘ دوبارہ شروع کریں گے۔ دھنکھر کی حلف برداری کے بعد سابق نائب صدر اپنے خاندان کے ساتھ حیدرآباد چلے جائیں گے۔