گرودوارہ پینل نے یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت کی، اسے ہندوستان کو ‘ہندو راشٹر’ بنانے کے مرکز کے منصوبے کا حصہ بتایا

نئی دہلی، نومبر 10: شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی نے، جو پنجاب، ہماچل پردیش اور چندی گڑھ میں سکھوں کی عبادت گاہوں کا انتظام کرتی ہے، بدھ کو ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے منصوبے کی مخالفت کرنے کے لیے ایک قرارداد منظور کی۔

سکھ باڈی نے ایک میٹنگ کے بعد، جس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں، ایک بیان میں کہا ’’یہ منصوبہ ملک کو ہندو راشٹر بنانے کی طرف ایک اور قدم ہے۔‘‘

یکساں سول کوڈ میں تمام ہندوستانیوں کے لیے شادی، طلاق، جانشینی اور گود لینے سے متعلق قوانین کا ایک مشترکہ مجموعہ شامل ہے، بجائے اس کے کہ مختلف مذاہب کے لوگوں کے لیے مختلف ذاتی قوانین کی اجازت دی جائے۔

گجرات اور ہماچل پردیش جیسی انتخابات والی ریاستوں میں حکمران بی جے پی حکومتوں نے یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ بی جے پی نے اتراکھنڈ میں بھی یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے ایک پینل تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن نے اس اقدام کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے معاملات سے عوام کی توجہ ہٹانے کی چال قرار دیا ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی نے کہا کہ ہم نے اپنی قرارداد کے ذریعے مرکزی حکومت کو بتایا ہے کہ ہندوستان ایک کثیر لسانی، کثیر مذہبی اور اقلیتوں والا ملک ہے۔ کمیٹی نے خاص طور پر ہندوستان کی جدوجہد آزادی اور ثقافت میں سکھوں کے تعاون کے بارے میں بات کی۔

بیان میں کہا گیا ہے ’’لیکن یہاں رہنے والی اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے اور ان کے مذہبی اور سماجی تحفظات میں مداخلت کی جا رہی ہے۔ مرکز میں بی جے پی حکومت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے زیر اثر اکثریت کو بڑھانے کے ایجنڈے کے تحت چل رہی ہے اور ملک میں یو سی سی کو نافذ کرنے کا منصوبہ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔‘‘