چھتیس گڑھ زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے مالی اعانت کے خواہش مند مسلم خاندانوں کے لیے ویکسین لگوانے کی شرط رکھی، ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ کو ختم کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے یہ قدم

نئی دہلی، جون 29: ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ اور افواہوں کو ختم کرنے کی غرض سے چھتیس گڑھ زکوٰۃ فاؤنڈیشن (سی زیڈ ایف) نے زکوٰۃ کی رقم سے مالی مدد لینے سے قبل ضرورت مند مسلم خاندانوں کے لیے کووڈ 19 ویکسین لینے کی لازمی شرط متعین کر دی ہے۔

تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کے ذریعے 2015 میں تشکیل دیے گئے اس فاؤنڈیشن نے زکوٰۃ کی رقم سے کمیونٹی کے مستحق طلبا کی مدد کرنے کا کام انجام دیا ہے۔

زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے محمد طاہر اور سید عقی نے کہا کہ ’’اس سال ہم نے غریب اور نادار طلبا کو وظائف دینے کے لیے ایک شرط رکھی ہے۔ جو 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے ہیں ان کو لازمی طور پر ویکسین لینی چاہیے یا اسکول کے بچوں کے والدین زکوٰۃ فنڈز کی حمایت کے لیے درخواست کے ساتھ اپنا کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کریں۔‘‘

فاؤنڈیشن نے ممبر سید انعام اللہ بخاری نے کہا کہ ’’کووڈ 19 ویکسینیشن سے معاشرے کے دوسرے لوگوں کو یکساں مدد ملے گی جہاں کمزور لوگ بھی خود کو محفوظ محسوس کرسکیں گے۔ سب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وبائی بیماری ابھی بھی موجود ہے اور ویکسینیشن کے ذریعے لوگ عام زندگی کی طرف گامزن ہوسکتے ہیں۔‘‘

فاؤنڈیشن اس سال تقریباً 600 طلبا کو مالی اعانت دینے کے لیے تیار ہے۔ جس میں کلاس 6 سے لے کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبا بھی شامل ہیں۔

فاؤنڈیشن کے ممبران نے محسوس کیا کہ ویکسین سے متعلق بڑے پیمانے پر بیداری اور ہچکچاہٹ کو دور کرنے کووڈ 19 وبائی امراض کے خلاف جنگ میں آسانی ہوگی۔