15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن پروگرام آج سے شروع

نئی دہلی، جنوری 3: 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے کورونا وائرس کی ویکسینیشن آج سے شروع ہو جائے گی۔

اتوار کو ملک میں اومیکرون سے متاثرین کی تعداد 1,525 تک پہنچ گئی۔ ملک میں 27,553 نئے کووڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے،جو پچھلے ہفتے سے 297 فیصد زیادہ ہیں۔ 284 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4,81,770 ہوگئی ہے۔

25 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ ’’کورونا وائرس کے خلاف ہندوستان کی جنگ کو مضبوط بنانے‘‘ میں مدد کے لیے 15 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن پروگرام کھولا جائے گا۔ فی الحال، بھارت بایوٹیک کی Covaxin واحد ویکسین ہے جس نے بچوں کے لیے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا سے ہنگامی استعمال کی منظوری حاصل کی ہے۔

این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ بچوں کا ویکسینیشن پروگرام، جو اسکولوں کی مشاورت سے چلایا جا رہا ہے، ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔ کئی سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بھی ویکسینیشن مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

آج صبح 9.30 بجے تک حکومت کے CoWin پورٹل میں 15 سے 18 سال کی عمر کے 8,79,041 بچوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

بچے اپنے والدین کے موجودہ CoWIN اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ویکسینیشن سلاٹ بک کر سکتے ہیں یا ایک منفرد موبائل نمبر کے ذریعے نیا اکاؤنٹ بنا کر رجسٹر کر سکتے ہیں۔ وہ سائٹ پر تصدیق کنندہ یا ویکسین لگانے والے شخص کے ذریعے بھی رجسٹر کر سکتے ہیں۔

دریں اثنا مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ نے اتوار کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کے لیے بنائی گئی کورونا وائرس کی ویکسین بالغوں کے لیے رکھی گئی ویکسین کے ساتھ نہ ملائی جائیں۔

بالغ افراد Covaxin کے علاوہ Covishield اور Sputnik V شاٹس لینے کے بھی اہل ہیں۔

وزارت صحت نے تجویز دی کہ بچوں کے لیے علاحدہ کووِڈ 19 ویکسینیشن مراکز قائم کیے جائیں، ساتھ ہی الگ سیشن سائٹس اور الگ قطاریں بھی لگائی جائیں۔