ڈی ایم کے نے سپریم کورٹ کے 10 فیصد ای ڈبلیو ایس کوٹہ کو برقرار رکھنے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی

نئی دہلی، دسمبر 5: دراوڑ منیترا کزگم نے پیر کو سپریم کورٹ میں معاشی طور پر کمزور طبقوں کے لیے داخلوں اور ملازمتوں میں 10 فیصد کوٹہ برقرار رکھنے کے سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی۔

7 نومبر کو سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے 3:2 کے فیصلے میں 10فیصد EWS کوٹہ کو برقرار رکھا تھا۔ جسٹس دنیش مہیشوری، بیلا ترویدی اور جے بی پاردی والا نے کوٹہ کو برقرار رکھا، جب کہ سابق چیف جسٹس یو یو للت اور جسٹس رابندر بھٹ نے اکثریت کی رائے سے اختلاف کیا۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن کی طرف سے بلائی گئی 12 نومبر کو آل پارٹی میٹنگ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔

2019 میں مرکزی حکومت نے ان لوگوں کے لیے اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کا کوٹہ متعارف کرایا تھا جو درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کو دیے گئے کوٹے کا فائدہ نہیں اٹھا سکتے، لیکن ان کی خاندانی آمدنی 8 لاکھ روپے سے کم ہے۔

پیر کو دائر کی گئی عرضی میں ڈی ایم کے نے کہا کہ مرکز کے اس اقدام نے اعلیٰ ذات کی آبادی کے ایک بڑے حصے کو ’’آسان خصوصی پرتعیش تحفظات‘‘ کے لیے اہل بنا دیا ہے۔

پارٹی نے اپنی نظرثانی کی درخواست میں کہا ’’آئین نے انھیں گمراہ کن اصطلاح ‘معاشی طور پر کمزور طبقات’ کے پیچھے چھپنے کے لیے ایک ماسک دیا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ انھیں معاشرتی بدنامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی اس معاشرے کے خلاف امتیازی سلوک کیا گیا ہے اور نہ ہی انھیں ملازمتوں سے دور رکھا گیا ہے اور نہ ہی مرکزی دھارے سے۔‘‘

سپریم کورٹ کے فیصلے پر پارٹی نے دلیل دی کہ آئینی بنچ اعلیٰ ذاتوں کے حق میں موجود تاریخی اور سماجی فوائد پر غور کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پارٹی نے یہ بھی کہا کہ درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کو 10 فیصد EWS کوٹہ سے خارج کرتے ہوئے، عدالت نے اخراج اور امتیازی سلوک کی منظوری دی ہے۔