سپریم کورٹ نے تاج محل کی ‘حقیقی تاریخ’ جاننے کا مطالبہ کرنے والی عرضی خارج کی

نئی دہلی، دسمبر 5: سپریم کورٹ نے پیر کو تاج محل کی ’’حقیقی عمر‘‘ اور ’’حقیقی تاریخ‘‘ کا مطالبہ کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا۔

یہ درخواست ہریانہ کے ایک رہائشی سرجیت یادو نے جسٹس ایم آر شاہ اور سی ٹی روی کمار کی بنچ کے سامنے دائر کی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بنچ نے کہا ’’ہر چیز میں عدالتوں کو نہ گھسیٹیں۔ کیا ہم 400 سال بعد تاج محل کی عمر کا تعین کر سکتے ہیں یا اس کا کہ اس کے پیچھے تاریخی حقائق کیا ہیں؟‘‘

اس نے مزید کہا ’’ہم یہاں تاریخ کو دوبارہ کھولنے کے لئے نہیں ہیں۔ تاریخ کو جاری رہنے دو۔‘‘

پی ٹی آئی کے مطابق عدالت نے پھر یادو کو اپنی عرضی واپس لینے اور آثار قدیمہ کے سروے آف انڈیا کے سامنے اپنی بات رکھنے کی اجازت دی۔

اپنی درخواست میں یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تحقیق کے مطابق اس جگہ پر ایک حویلی پہلے سے موجود ہے جہاں تاج محل بنایا گیا ہے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں لکھا کہ ’’یہ انتہائی عجیب بات ہے کہ شاہ جہاں کے تمام درباری تاریخ سازوں نے اس شاندار مقبرے کے معمار کا نام نہیں بتایا۔ لہذا یہ بالکل واضح طور پر اشارہ کرتا ہے کہ راجہ مان سنگھ کی حویلی کو منہدم نہیں کیا گیا تھا بلکہ صرف تاج محل کی موجودہ شکل بنانے کے لیے اس میں ترمیم اور تزئین و آرائش کی گئی تھی۔ اسی لیے شاہ جہاں کے درباری تاریخ نگاروں کے کھاتوں میں کسی معمار کا ذکر نہیں ہے۔‘‘

مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے 1632 میں تاج محل کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا اور یہ منصوبہ 1653 میں مکمل ہوا تھا۔ تاہم کچھ ہندوتوا تاریخ دانوں نے یہ نظریہ پیش کیا ہے کہ یہ مقبرہ شاہ جہاں سے پہلے کا ہے اور مغل حکومت کے آغاز سے بہت پہلے تعمیر کیا گیا تھا۔

اکتوبر میں سپریم کورٹ نے، یہ معلوم کرنے کے لیے کہ آیا ان میں ہندو مورتیاں یا صحیفے موجود ہیں، تاج محل کے 22 کمروں کو کھولنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔