مرکز نے سپریم کورٹ میں تین ججوں کی تقرری کو منظوری دی
نئی دہلی، نومبر 9: مرکز نے بدھ کو جسٹس آگسٹن جارج مسیح، سندیپ مہتا اور ستیش چندر شرما کی سپریم کورٹ میں تقرری کو منظوری دے دی۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ جمعرات کو انھیں عہدے کا حلف دلائیں گے۔ تقرریوں کے ساتھ سپریم کورٹ کی طاقت 34 ججوں کی مکمل صلاحیت تک پہنچ جائے گی۔
سپریم کورٹ کالجیم نے پیر کو ان کے ناموں کی سفارش کی تھی۔
کالجیم سسٹم کے تحت سپریم کورٹ کے پانچ سب سے سینئر جج بشمول چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں ججوں کی تقرری اور تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ان سفارشات کو مرکزی حکومت کی منظوری ملنا ضروری ہے۔
شرما کو پہلی بار جنوری 2008 میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ اکتوبر 2021 میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے اور اس کے بعد جون 2022 میں ان کا تبادلہ دہلی ہائی کورٹ میں ہوا۔
کالجیم نے ان کی تقرری کی سفارش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’قانون کی مختلف شاخوں سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے ان کے لکھے گئے فیصلے ان کی قانونی ذہانت اور اہلیت کی گواہی دیتے ہیں۔‘‘
مسیح کو جولائی 2008 میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ مئی میں انھیں راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔
مہتا کو مئی 2011 میں راجستھان ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور فروری میں انھیں گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔