مہاراشٹر: پالگھر ضلع میں چوری کے شبہ میں مسلم شخص کی پٹائی کرنے کے الزام میں پانچ گرفتار

نئی دہلی، دسمبر 5: مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے پیلہار شہر میں پولیس نے اتوار کو ایک 24 سالہ مسلمان شخص کو لنچ کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاریاں اس حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے کے بعد کی گئیں۔

مسلمان شخص، جس کی شناخت آدم شیر محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، سر پر چوٹوں اور ٹانگ میں فریکچر کے باعث ہسپتال میں داخل ہے۔

خان پر 29 نومبر کی صبح اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنی بھابھی کے گھر جا رہے تھے۔ پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں خان نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے کسی کو چیختے ہوئے سنا کہ وہ چور ہے، جس کے بعد لوگوں کا ایک گروپ نمودار ہوا اور اسے لوہے کی سلاخ سے مارنا شروع کردیا۔

ویڈیو میں حملہ آوروں میں سے ایک کو سنا جا سکتا ہے کہ وہ دوسروں کو خان کے سر پر مارنے کو کہتا ہے۔

پولیس نے مکیش دوبے سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جنھوں نے مبینہ طور پر خان پر حملہ کرنے والے مردوں کے گروپ کی قیادت کی تھی۔ ملزمان کے خلاف ہنگامہ آرائی، حملہ اور سنگین ہتھیاروں سے چوٹ پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اسکرول ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق خان کے والد شیر محمد خان نے بتایا کہ جن لوگوں نے ان کے بیٹے پر حملہ کیا وہ پڑوس میں رہتے ہیں اور وہ ان لوگوں کو جانتے ہیں۔

تعمیراتی سامان کی ایک دکان کے مالک شیر محمد نے کہا ’’انھوں نے یہ جان بوجھ کر کیا۔ جب ہمیں معلوم ہوا کہ وہ سڑک پر خون میں لت پت ہے، تو ہم اسے سنجیونی اسپتال لے گئے۔ اس کی ایک ٹانگ کی سرجری ہوئی، جو ٹوٹ گیا تھا۔ اور اس کے سر پر 11 ٹانکے لگے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پولیس پر زور دیا ہے کہ وہ پہلی معلوماتی رپورٹ میں قتل کی کوشش کے الزامات کو شامل کرے۔ خان کے والد نے کہا کہ وہ فی الحال بہتر اور بات چیت کرنے کے قابل ہے۔