سی پی آئی (ایم) نے الیکشن کمیشن نے امت شاہ کی تریپورہ میں اس کے افسران کے ساتھ مبینہ خفیہ ملاقات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، فروری 15: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے منگل کو چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو خط لکھ کر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر تریپورہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کو متاثر کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔

شمال مشرقی ریاست میں 16 فروری کو انتخابات ہوں گے اور نتائج کا اعلان 2 مارچ کو کیا جائے گا۔

اپنے خط میں یچوری نے کہا کہ کانگریس کے رکن پارلیمان گورو گوگوئی نے الزام لگایا ہے کہ شاہ نے 11 فروری کو اپنے انتخابی دورے کے دوران تریپورہ میں پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، بشمول پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اور الیکشن کمیشن کے ایک گروپ سے خفیہ طور پر ملاقات کی تھی۔

یچوری نے کہا ’’ایسے وقت میں جب تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول عام رائے دہندگان تشدد سے پاک منصفانہ انتخابات کے بارے میں بہت فکرمند ہیں، انتخابات کی تاریخ سے صرف تین دن قبل اس طرح کی خفیہ میٹنگ نے انتخابی اصولوں کی خلاف ورزی کے خدشے کو مزید بڑھا دیا ہے کہ آیا اس خفیہ میٹنگ میں کسی بھی طرح سے الیکشن میں ہیرا پھیری کرنے کے لیے کوئی بلیو پرنٹ تیار کیا گیا ہے۔‘‘

پارٹی کے سینئر رہنما نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ اس الزام کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے۔ انھوں نے پولنگ باڈی سے یہ بھی کہا کہ وہ متعلقہ اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی سے ہٹائے اور اگر ان کے خلاف کوئی ابتدائی ثبوت سامنے آئے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے۔

کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے اس بار تریپورہ اسمبلی انتخابات لڑنے کے لیے اتحاد کیا ہے۔ 2018 کے آخری اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 25 سال کی بائیں محاذ کی حکومت کو ختم کرتے ہوئے اکثریت حاصل کی تھی۔