کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے اختتام کے بعد ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا

نئی دہلی، دسمبر 4: کانگریس نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ 26 جنوری کو ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ابھیان‘‘ کے نام سے دو ماہ کی ملک گیر مہم شروع کرے گی۔ یہ مہم اس کی جاری بھارت جوڑو یاترا کے اختتام کے بعد شروع ہوگی۔

پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ یہ مہم تین سطحوں پر چلائی جائے گی۔

رمیش نے کہا ’’اس بلاک سطح کی پد یاترا کے تحت پورے ملک میں پیدل مارچ کیا جائے گا۔ ضلعی سطح پر سیشن منعقد کیے جائیں گے اور ریاستی سطح پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔‘‘

یہ فیصلہ پارٹی سربراہ ملکارجن کھڑگے کے ذریعے تشکیل کردہ کانگریس اسٹیئرنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں لیا گیا۔ اکتوبر میں کھڑگے کے پارٹی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 47 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

اتوار کو کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ابھیان‘‘ میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ دو ماہ کی یہ مہم کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا فالو اپ ہوگی۔

3,570 کلومیٹر طویل بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری میں شروع ہوئی۔ یہ جموں و کشمیر میں ختم ہو گی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس مارچ کا مقصد تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کرنا ہے۔

اتوار کی میٹنگ میں کانگریس نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ فروری میں چھتیس گڑھ کے رائے پور میں تین روزہ اجلاس بھی منعقد کرے گی۔

وینوگوپال نے کہا ’’ہم اس تین روزہ اجلاس میں مختلف موضوعات پر بحث کریں گے۔ ایک بڑا جلسہ بھی ہوگا۔‘‘