گجرات اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلے میں 58.70 فیصد ووٹ ڈالے گئے

نئی دہلی، دسمبر 5: گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پیر کو 58.70 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس مرحلے میں 14 اضلاع کی 93 سیٹیں شامل ہیں، بشمول احمد آباد اور وڈودرا، شمالی اور وسطی علاقوں کے۔

ووٹنگ پیر کی صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی۔

آنند ضلع میں انکلاو حلقہ کے تحت کیشو پورہ پولنگ اسٹیشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ تاہم پولیس نے اطلاعات کے مطابق صورت حال پر قابو پالیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق پولس نے کہا کہ اتوار کی رات بناسکانتھا ضلع کے دانتا حلقہ میں بی جے پی اور کانگریس کے حامی آپس میں اس وقت جھگڑ پڑے جب دونوں پارٹیوں کے ارکان کی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ اکشے راج مکوانا نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ دانتا سے اس کے امیدوار کانتی بھائی کھراڈی پر ’’بی جے پی کے غنڈوں نے وحشیانہ حملہ کیا‘‘ اور وہ لاپتہ ہوگئے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ حکام کو کھڑادی سے رابطہ کرنے میں چند گھنٹے لگے، لیکن انھوں نے اس بات سے انکار کیا کہ وہ اغوا ہوئے ہیں۔

دریں اثنا وڈگام کے ایم ایل اے جگنیش میوانی نے دعویٰ کیا کہ ان کے حلقے میں ’’مسلم اکثریتی بوتھوں پر ووٹنگ کی سست رفتاری کی سازش‘‘ ہے۔ انھوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ ووٹنگ کے اوقات کو شام 5 بجے سے آگے بڑھایا جائے۔

سوراشٹرا اور کچھ اور جنوبی گجرات کے علاقوں میں 89 حلقوں کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ یکم دسمبر کو ہوئی تھی جس میں 63.14 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے گجرات کے شہری علاقوں کے باشندوں پر زور دیا تھا کہ وہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ’’کم ووٹنگ کی تلافی‘‘ کے لیے دوسرے مرحلے میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔

ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی 8 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں 2.5 کروڑ ووٹر ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ 800 سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دوسرے مرحلے میں تمام 93 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ کانگریس 90 سیٹوں پر اور اس کی اتحادی پارٹی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی دو نشستوں میں مقابلہ کر رہی ہے۔ دیگر جماعتوں میں بھارتیہ ٹرائبل پارٹی نے 12 اور بہوجن سماج پارٹی نے 44 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، اتر پردیش کے گورنر آنندی بین پٹیل اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل ان لوگوں میں شامل ہیں جنھوں نے احمد آباد میں صبح سویرے اپنا ووٹ ڈالا۔

انتخابات میں حصہ لینے والے کچھ اہم رہنماؤں میں گھاٹلوڈیا حلقہ سے بھوپیندر پٹیل، پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل جو ویرمگام سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لڑ رہے ہیں اور گاندھی نگر (جنوبی) سیٹ سے الپیش ٹھاکر شامل ہیں۔

دلت رہنما جگنیش میوانی وڈگام سیٹ سے کانگریس کے امیدوار کے طور پر لڑ رہے ہیں اور گجرات اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سکھ رام رتھوا جیت پور سے امیدوار ہیں۔