اگر اپوزیشن متحد ہوکر کام کرے تو 2024 میں بی جے پی 50 سیٹوں تک محدود ہو جائے گی، نتیش کمار کا دعویٰ

نئی دہلی، ستمبر 4: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 50 سیٹوں تک محدود کیا جاسکتا ہے۔

نتیش کمار نے یہ بیان پٹنہ میں جنتا دل (یونائیٹڈ) کی ریاستی ایگزیکیٹو میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی نے 303 سیٹیں جیتی تھیں۔ کسی پارٹی کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے 282 سیٹیں جیتنے کی ضرورت ہے۔

کمار نے 2020 کے بہار انتخابات میں جنتا دل (یونائیٹڈ) کو حاصل ہونے والی نشستوں کی کم تعداد کے لیے ’’بی جے پی کی سازش‘‘ کو مورد الزام ٹھہرایا۔ انتخابات میں جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 43 نشستیں حاصل کی تھیں، جو کہ اس کی 2015 کی 71 نشستوں سے کافی کم ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھگوا پارٹی بہار میں سماجی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہمیں پنچایتوں کی سطح پر چوکس رہ کر ان کے عزائم کو ناکام بنانا چاہیے۔‘‘

9 اگست کو جنتا دل (یونائیٹڈ) نے بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد سے تعلقات منقطع کر لیے۔ ایک دن بعد جنتا دل (متحدہ) کے سربراہ کمار نے راشٹریہ جنتا دل اور چھ دیگر جماعتوں کی حمایت سے آٹھویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔

24 اگست کو نتیش کمار کی قیادت والے گرینڈ الائنس نے بہار اسمبلی میں فلور ٹیسٹ جیت لیا، جب کہ بی جے پی ایم ایل ایز نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

بہار میں گرینڈ الائنس کی حکومت بننے کے بعد کچھ میڈیا رپورٹس نے تجویز کیا کہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سربراہ لوک سبھا انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کا چہرہ ہوسکتے ہیں۔ تاہم کمار نے 12 اگست کو کہا کہ وہ اپوزیشن کا وزیر اعظم امیدوار بننے کی کوئی خواہش نہیں رکھتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے تاہم کہا کہ وہ قومی جمہوری اتحاد کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔