یوپی: ٹرین  میں سفر  کے دوران  مسلم تاجر پر حملہ، حملہ آوروں نے سر اور داڑھی مونڈ دی

نئی دہلی ،15اپریل :۔

ٹرینوں اور دیگر عوامی مقامات پر مسلمانوں پر شدت پسندوں کے ذریعہ حملے ہوتے رہتے ہیں ۔گزشتہ دنوں جمعہ کو  27 سالہ مسلم ٹیکسٹائل تاجر ندیم ملک ممبئی سے اتر پردیش کے بلند شہر ضلع جاتے ہوئے نامعلوم حملہ آوروں کے وحشیانہ حملے کا شکار ہو گئے۔ حملہ آوروں نے اس کا سر اور داڑھی مونڈ دی، اور اس کے ساتھ لوٹ مار بھی کی گئی  ۔

مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  ملک ممبئی کے ملاڈ علاقے میں بطور تاجر کام کرتے تھے، بدھ کو ٹرین میں سوار ہوئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ملک کے اہل خانہ نے واٹس ایپ پر حملہ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے شکایت درج کرانے کا اشارہ کیا ۔پولیس رپورٹس کے مطابق یہ حملہ راجستھان کے بھرت پور اور کوٹا کے درمیان ہوا تھا اور بعد میں ملک کو اس کے خاندان کے افراد کی اس سے دہلی میں ملاقات ہوئی تھی۔

ماضی میں بھی اسی طرح کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جو تشدد اور امتیازی سلوک کے پریشان کن رجحان کو اجاگر کرتے ہیں۔واضح رہے کہ جنوری 2023 میں مراد آباد شہر کے ایک 45 سالہ ایلومینیم تاجر کو بھی اسی طرح کے حملے کر کے  نشانہ بنایا گیا۔ محمد عاصم حسین کو پرتاپ گڑھ جانے والی پدماوت ایکسپریس میں سفر کے دوران مبینہ طور پر  لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا۔تقریباً ایک گھنٹے تک مارا پیٹا گیا، ان کی داڑھی کھینچی گئی اور انہیں ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا۔