سنکلپ پتر کے نام سے بی جے پی کا منشور جاری ، یکساں سول کوڈ، سی اے اے کا وعدہ

کانگریس نے بی جے پی کے سنکلپ پتر کو جملہ پتر قرار دیا  

نئی دہلی ،14اپریل :۔

دہلی میں واقع مرکزی دفتر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں  آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کا منشور جاری کیاگیا۔منشور میں 2036 میں ہندوستان کی اولمپکس بولی، متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کا نفاذ، قومی تعلیمی پالیسی اور یکساں سول کوڈ سمیت دیگر وعدوں کو نمایاں کیا گیا۔

‘سنکلپ پترا’ جاری کرتے ہوئے، پی ایم مودی نے کہا: "4 جون کے نتائج کے فوراً بعد کام شروع ہو جائے گا۔ حکومت نے 100 روزہ ایکشن پلان پر کام شروع کر دیا ہے۔ ملک کے عوام کی امنگ مودی کا مشن ہے۔ ہم نے چندریان کی کامیابی دیکھی۔ اب ہم گگنیان کے فخر کا تجربہ کریں گے۔ ہم نے ابھی ہندوستان کو جی 20 میں دنیا کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیکھا ہے اور اب ہم اولمپکس کی میزبانی کے لیے تمام تر کوششیں کریں گے۔

"ہم ایک قوم، ایک الیکشن کے نظریے کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ بی جے پی بھی یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو ملک کے مفاد میں اتنا ہی ضروری سمجھتی ہے۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی مفت راشن اسکیم کو 5 سال تک بڑھایا جائے گا۔

وہیں دوسری جانب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوک سبھا انتخابی منشور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم "پچھلے 10 سالوں میں غریبوں کے لئے کچھ نہیں کر سکے”۔وہیں کانگریس نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو جملہ پتر قرار دیا ہے۔

کھڑگے نے مزید کہا کہ“پی ایم مودی نے کہا تھا کہ وہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کریں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایم ایس پی میں اضافہ کریں گے اور قانونی ضمانت دیں گے… انہوں نے اپنے دور میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک کے تمام لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ ان کے منشور پر اعتبار کرنا درست نہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے پاس لوگوں کو پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے،‘‘