یوپی: نوئیڈا میں بہار  سے چندہ کرنے آئے مسلم نوجوان پر حملہ

پولیس نے ملزم نوجوان نیرج بھاٹی  کو حراست میں لیا ۔ ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کی

نئی دہلی ،20 مارچ :۔

قومی راجدھانی خطہ دہلی میں واقع اتر پردیش کے نوئیڈا میں منگل کے روز  ایک مسجد کے لیے چندہ جمع کرنے والے مسلم نوجوان پر نیرج بھاٹی نامی ایک مقامی شخص نے حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ دوپہر 12:20 بجے کے قریب سیکٹر 39 پولیس اسٹیشن کے تحت   واقع گاؤں سالار پور میں پیش آیا۔

اطلاع ملتے ہی مقامی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔متاثرہ نوجوان کی شناخت بہار کے کشن گنج سے تعلق رکھنے والے  عبدالعزیز کے طور پر کی گئی ہے ۔عبد العزیز پر حملہ کرنے والا شخص نیرج بھاٹی مقامی باشندہ ہے ۔

تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، ڈی سی پی (نوئیڈا) ودیا ساگر مشرا نے بتایا، "ایک 35 سالہ شخص، جو بہار سے چندہ   کے لیے سالار پور آیا تھا، دوپہر کو ایک 45 سالہ مقامی باشندے نے اس پر حملہ  کر دیا۔حملہ آور نے متاثرہ پر  قابل اعتراض ریمارکس بھی کیے تھے۔

پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ مشرا نے کہا، "متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر، ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور معاملے میں ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔”

عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزم نے شراب کے نشے میں دھت نوجوان کی  داڑھی پکڑ کر بد سلوکی کی اور مار پیٹ بھی کی اس دوران  راہگیروں نے پولیس اہلکاروں کو معاملے کی اطلاع دی۔

حملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی وجہ سے حالات کشیدہ ہو گئے تھے اس لئے   صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈی سی پی مشرا، ایڈیشنل ڈی سی پی منیش مشرا اور اے سی پی-1 پروین سنگھ کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے صورتحال پر قابو پانے اور ہجوم کو منتشر  کرنے کی کوشش کی ۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیس میں قانونی کارروائی جاری ہے۔